کراچی میں دکانیں دن 12 سے رات 12 بجے تک کھولی جائیں، تاجر رہنما الیاس میمن

0
31

کراچی میں دکانیں دن 12 سے رات 12 بجے تک کھولی جائیں۔
کراچی کے تاجر رہنما الیاس میمن نے کہا ہے کہ شہر بھر میں دکانیں دن 12 سے رات 12 بجے تک کھولی جائیں، اگر حکومت نے لاک ڈاؤن نافذ کیا تو دما دم مست قلندر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق تاجر رہنما اور طارق روڈ ٹریڈرز کے صدر الیاس میمن نے کہا کہ آج کل عید کا سیزن ہے جو تاجر کسی صورت برباد نہیں کرنے دیں گے۔ حکومت گزشتہ سال کی طرح تاجروں کا عید کا سیزن برباد کرنے کے درپے ہے۔
گفتگو کے دوران تاجر رہنما الیاس میمن نے کہا کہ صبح 6 بجے نہ گاہک آتے ہیں نہ دکاندار دکانیں کھولیں گے۔ دن 12 بجے سے رات 12 تک دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے۔ سندھ حکومت کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔ پورے شہر کے بازار کھلے ہیں۔ صرف اولڈ سٹی ایریاز پر پابندی ہے۔
سندھ حکومت کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے تاجر رہنما الیاس میمن نے کہا کہ لیاقت آباد، طارق روڈ، بابر مارکیٹ اور صدر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ کیا باقی مارکیٹس میں یا صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کورونا نہیں آئے گا؟کیا وجہ ہے کہ سندھ حکومت تاجروں کو کاروبار نہیں کرنے دیتی؟صدر طارق روڈ ٹریڈرز الیاس میمن نے کہا کہ تاجروں نے گزشتہ برس لاک ڈاؤن کے دوران کروڑوں روپے کا نقصان اٹھایا۔ رواں برس بینکوں سے قرض اور کریڈٹ پر سامان لے کر عید کا سیزن شروع کیا تھا کہ پھر لاک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔ تاجروں کی ایک نہیں سنی جارہی۔تاجر رہنما الیاس میمن نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ تاجروں کو جان بوجھ کر دیوار سے لگایا اور سوتیلی ماں کا سا سلوک کیا جارہا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ 12 بجے دن سے لے کر 12 بجے شب تک کاروبار کی اجازت دی جائے۔ بصورتِ دیگر ہم سڑکوں پر آجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومتوں میں عوام اور تاجروں کی بات سنی جاتی ہے اور ہم وہ تاجر ہیں جو سندھ اور پاکستان کو کروڑوں اربوں بلکہ کھربوں روپے کا ٹیکس دیتے ہیں۔ اگر ہمارے ساتھ بھی یہ سلوک کیا گیا تو بھرپور احتجاج کریں گے۔ تاجروں کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

Leave a reply