کراچی: وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی خبریں غلط ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے وضاحت کی کہ حالیہ دنوں میں 100 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے، جن میں سے صرف 7 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بتایا کہ یہ ٹیسٹ ان لوگوں کا کیا گیا تھا جنہیں موسمی فلو اور انفلوئنزا کی ہلکی علامات تھیں، اور احتیاطاً ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کروایا گیا۔ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ جن افراد میں کورونا مثبت آیا، ان میں فلو کی بہت ہلکی علامات موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتِ حال میں مبتلا افراد کو ہلکی علامات کے باعث اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں تھی، اس لیے انہیں گھر بھیج دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اب کورونا کو موسمی فلو کی طرح ٹریٹ کیا جا رہا ہے اور اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
اس کے ساتھ ہی محکمۂ صحت سندھ نے کورونا اور انفلوئنزا ایچ ون این ون کیسز کے حوالے سے اسپتالوں میں ہنگامی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سردیوں کے موسم میں کورونا اور ایچ ون این ون کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر فوری اقدامات ضروری ہیں۔محکمۂ صحت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز کی بروقت رپورٹنگ کی جائے اور صحت کے مراکز میں پی پی ای (پرسنل پروٹیکٹیو ایکوپمنٹ) اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ سرکاری اور نجی صحت کے مراکز میں انفیکشن کنٹرول کے اقدامات مزید مضبوط کیے جائیں۔
محکمۂ صحت سندھ نے عوام میں کورونا اور انفلوئنزا کی علامات کے بارے میں آگاہی پھیلانے کی اہمیت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ ماسک پہننا، ہاتھ دھونا اور سماجی فاصلے کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے۔ محکمہ نے عوام کو بروقت طبی امداد حاصل کرنے کی ترغیب دی اور ہدایت کی کہ ان کیسز کی ہفتہ وار رپورٹ جمع کروائی جائے تاکہ صورتحال پر نظر رکھی جا سکے۔
اس وقت کراچی میں شہری بڑی تعداد میں نزلہ، کھانسی، بخار اور دیگر موسمی بیماریوں میں مبتلا ہیں، جس کی وجہ سے کورونا اور انفلوئنزا کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صوبائی محکمۂ صحت نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ہدایات پر عمل کریں اور صحت کے حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے
منی ٹریل ثابت کرنا مشکل کام ، قاضی فائز عیسٰی بھی پیش نہیں کر سکے تھے،عدالت
طالبان کے اہم رہنما کی افغان خواتین ،لڑکیوں پر تعلیمی پابندیاں اٹھانے کی اپیل