کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے جدید جنگی ملجم کلاس جہاز کی اسٹیل کاٹنے کی تقریب

0
71

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے تعمیر کئے جانے والے ملجم کلاس جہاز کی اسٹیل کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی

پاک بحریہ کیلئے تعمیر کئے جانے والے ملجم کلاس جہاز کی اسٹیل کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کراچی شپ یارڈ میں کیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس رئیر ایڈمرل اطہر سلیم اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

پاکستان بحریہ کے لیے چار ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پروگرام کے تحت ترکی کی سرکاری دفاعی کمپنی اسفات (ASFAT) کے ساتھ 2018 میں طے ہوا۔ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پروگرام کے تحت دو جہاز ترکی جبکہ دو جہاز کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کئے جائیں گے۔اسٹیل کٹنگ کی یہ تقریب ترک دفاعی فرم کے اشتراک سے کراچی شپ یارڈ میں مقامی سطح پر تعمیر کئے جانے والے پہلے ملجم کلاس جہاز کی ہے۔

ملجم کلاس جہازجدید ترین سینسرز اور ہتھیاروں بشمول زیر آب، سطح آب اور فضاء میں مار کرنے والے میزائل سسٹم اور جدید جنگی نظام سے لیس ہو گا۔یہ بحری جہاز حربی اعتبار سےپاکستان بحریہ کے سب سے جدید پلیٹ فارمزمیں شامل ہوگا اور بحر ہند میں امن ، استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر کراچی شپ یارڈ کےجنرل منیجر شپ بلڈنگ ، کموڈور محمد جہانزیب احسن نے بتایا کہ مقامی سطح کے میگا پروجیکٹ کے لئے تکنیکی مدد ASFAT کارپوریشن نے فراہم کی ہے۔انہوں نے مقامی سطح پر جنگی جہاز کی تعمیر اور دیگر دفاعی شعبوں میں مشترکہ تعاون کے لئے برادر ملک ترکی کے تعاون کو سراہا۔

تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، معززین اور ASFAT کے نمائندوں نے شرکت کی

Leave a reply