کراچی میں کرکٹ کی بہار کا انتظار ختم ہونے لگا

0
27

کراچی : کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بہار کا انتظار ہونے لگا جب کہ ویسٹ انڈیز سے ہوم سیریز کیلیے11وائٹ بال کرکٹرز منگل کی شام تک مقامی ہوٹل میں رپورٹ کریں گے۔

پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ اس وقت بنگلادیش میں موجود ہے، دوسری طرف کراچی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف وائٹ بال میچز کی تیاری جاری ہے، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے پاکستان میں کھیلنے سے انکارپر انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر جاری رکھنے کیلیے کسی غیر ملکی ٹیم کی آمد انتہائی اہمیت کی حامل تھی۔

ماضی میں بھی مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے والے کیریبیئنز کے اگرچہ چند اسٹار کرکٹرز دورے پر نہیں آ رہے، مگر اس کے باوجود موجودہ صورتحال میں محدود اوورز کی کرکٹ کے یہ مقابلے غیر اہم نہیں سمجھے جا سکتے،نیشنل اسٹیڈیم میں سجنے والے اس میلے کو شائقین کی بھرپور توجہ حاصل ہونے کی امید ہے، سیریز کیلیے کراچی میں منگل سے رونق لگنا شروع ہوجائے گی ۔
پہلے مرحلے میں پاکستان میں موجود 11کرکٹرز منگل کی شام تک مقامی ہوٹل میں رپورٹ کریں گے، ان میں نائب کپتان شاداب خان،فخرزمان، آصف علی،حیدر علی،افتخار احمد، خوشدل شاہ، حارث رؤف،وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی،محمد حسنین اور عثمان قادر شامل ہیں اس وقت بارش زدہ ڈھاکا ٹیسٹ میں شریک بابر اعظم،محمد رضوان، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی جمعرات کی شام ساڑھے 6بجے کراچی پہنچ کر اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔

ویسٹ انڈیز سے صرف ون ڈے سیریز کیلیے منتخب امام الحق اور سعود شکیل کے ساتھ ریزرو پلیئر عبداللہ شفیق بھی بنگلادیش میں ہیں،تینوں کپتان اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ کراچی میں رپورٹ کریں گے۔

ٹیم ذرائع کے مطابق کیریبیئنز سے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کیلیے منتخب تمام کھلاڑی ایک ساتھ بایوببل کا حصہ بنیں گے، بنگلادیش سے واپس آنے والے پلیئرز میں سے سرفراز احمد ڈراپ ہوگئے جبکہ حسن علی کو آرام دیا گیا ہے، اظہر علی، فواد عالم، کامران غلام، فہیم اشرف،محمد عباس، بلال آصف، نعمان علی، ساجد خان، زاہد محمود اور نسیم شاہ صرف بنگلادیش سے ٹیسٹ سیریز کیلیے ٹیم کا حصہ تھے،ان تمام کو وطن واپسی پر گھروں میں وقت گزارنے کا موقع ملے گا۔

دوسری جانب ویسٹ انڈین اسکواڈ کی ایئرپورٹ آمد صبح ساڑھے 10 بجے ہوجائے گی،مہمان کرکٹرز، معاون اسٹاف عملہ اور بنگلادیش سے آنے والے مہمان کرکٹرز کا صرف ایک روز کا قرنطینہ ہوگا، اس دوران کورونا ٹیسٹ رپورٹ کا منفی آنا بھی ضروری ہے۔

جمعے کو دونوں اسکواڈ کی بھرپور مشقوں کا آغاز ہوجائے گا،سیریز کے انتظامات مکمل کرنے کا سلسلہ بھی زوروشور سے جاری ہے، میچز کے میزبان نیشنل اسٹیڈیم میں صفائی ستھرائی اور تزئین و آرائش کا کام ہونے لگا، پریکٹس اور میچ پچز کی تیاری مکمل ہورہی ہے۔

ذرائع کے مطابق شائقین کو بھرپور تفریح کا موقع فراہم کرنے کیلیے سپورٹنگ پچز تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی، کیوریٹرز پْرامید ہیں کہ موسم گرم نہ ہونے کی وجہ سے ان کو مطلوبہ معیار کی پچز فراہم کرنے میں آسانی ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا مقابلہ 13دسمبر کو ہوگا،دوسرا معرکہ 14اور تیسرا 16دسمبر کو شیڈول ہے۔پہلا ون ڈے 18دسمبر کو کھیلا جائے گا، دوسرا 20اور تیسرا 22دسمبر کو ہوگا۔

Leave a reply