کراچی میں روٹی کی تمام اقسام میں 2 سے 15 روپے کا اضافہ

0
71

کراچی : کراچی میں روٹی کی تمام اقسام کی قیمتوں میں 2 سے 15 روپے کا اضافہ ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے بعد تندور مالکان نے چپاتی، نان، شیرمال، کلچہ اور تافتان سمیت تمام اقسام کی روٹیوں کی قیمتوں میں پیداواری لاگت بڑھنے کے سبب 2 سے 15 روپے تک اضافہ کردیاگیا ہے۔
مارکیٹ سروے سے یہ بات سامنے آئی کہ 10 روپے میں چپاتی فروخت کرنے والے تندور مالکان اب اسے 12 روپے میں فروخت کر رہے ہیں جبکہ جن کے پاس تندور نہیں ہیں وہ اب وہی چپاتی وزن اور ذائقہ کے لحاظ سے معیار میں بہتری کے دعوے کے ساتھ 12 روپے کے بجائے 15 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔کم معیار اور کم وزن کی چپاتی اب 8 روپے کے بجائے 10 روپے میں دستیاب ہے، 15 روپے میں نان بیچنے والے تندور مالکان اب 18 روپے فی روٹی کا مطالبہ کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ کچھ بڑے تاجروں نے نان کا ریٹ 20 روپے مقرر کیا ہے جو کہ ماضی قریب میں 18 روپے تھا، دودھ کے ذائقے والے نان کی نئی قیمت 30 روپے کے بجائے 35 روپے کر دی گئی ہے۔

شیرمال اور تافتان کے نئے نرخ 45 سے 50 روپے سے بڑھ کر 60 روپے کردئیے گئے ہیں جبکہ بہتر معیار اور زیادہ وزن والے شیرمال اور تافتان 60 روپے کے بجائے 70 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، بہتر معیار کے کلچے کی قیمت ماضی قریب میں 45 سے 50 روپے سے بڑھ کر اب 50 سے 60 روپے کے درمیان ہے۔تندور مالکان کے مطابق تندور مالکان آٹا، گھی، پیکیجنگ میٹریل، گیس اور بجلی کے ٹیرف اور چینی کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ برداشت نہیں کر سکتے اس لیے وہ صارفین پر بوجھ منتقل کرنے پر مجبور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2021 کے آخری 3 ماہ میں 3 ہزار 700 روپے کے عوض ملنے والا 50 کلو آٹے کا تھیلا اب 4 ہزار 100 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ 5 ہزار 250 روپے کے عوض ملنے والا 16 کلو گھی کا کنستر اب 9 ہزار 400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔25 کلو گرام فل کریم دودھ (بالائی سے بھرپور دودھ) کا تھیلا ساڑھے 13 ہزار روپے سے بڑھ کر اب 20 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

Leave a reply