کراچی میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا میگا سنٹر ناظم آباد میں قائم ہونے والے نئے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ نیا پاسپورٹ آفس تین شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کرے گا، جس سے شہریوں کو پاسپورٹ بنوانے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس میں موجود کاونٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے نادرا میگا سنٹر میں شناختی کارڈز اور پاسپورٹ بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور پراسیس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر شہریوں نے وزیر داخلہ کے اس اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں بہترین سہولت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ "یہ بہت زبردست سہولت ہے، آپ نے ہمارے لئے بہت آسانیاں پیدا کر دی ہیں۔”
وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر میں خواتین کے مسائل پر بھی توجہ دی اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بائیو میٹرک کرانے کے لیے خواتین کی شکایات سنی۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو فوری طور پر مسائل کے حل کی ہدایات دیں۔ بزرگ خواتین نے وزیر داخلہ کے فوری احکامات پر شکریہ ادا کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ "آپ کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اور ہم ہمیشہ شہریوں کی سہولت کے لئے اقدامات کریں گے۔”
اس موقع پر ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال قاضی اور نادرا کے دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے پاسپورٹ آفس کی ورکنگ کے بارے میں وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔یہ نیا پاسپورٹ آفس شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت ہے، جو انہیں کسی بھی وقت پاسپورٹ بنانے کے لئے مدد فراہم کرے گا۔