کراچی میں تھانے پر نامعلوم افراد کا دھاوا، پولیس اہلکاروں پر تشدد

0
32

شاہ لطیف ٹاؤن تھانے پر نامعلوم افراد نے دھاوا بول دیا اور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

پولیس نے ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کردیا جبکہ ایک زخمی سمیت چار افراد کو ہنگامہ آرائی کے الزام میں حراست میں لے لیا.

مظاہرین کے حملے میں لاٹھی ڈنڈے کے وار سے تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ، پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں دو درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب شاہ لطیف ٹائون تھانے پر نامعلوم افراد نے دھاوا بول دیا ، کراچی پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اتوار کو سپر ہائی وے سے گرفتار کیے گئے.

قوم پرست جماعت کے افراد کو چھڑانے کے لیے تقریباً سو سے ڈیڑھ سو افراد تھانے آئے جن کے ہاتھوں میں لاٹھی اور ڈنڈے تھے ، انھوں نے انتہائی مشتعل انداز میں پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا۔

حملے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار وسیم ، عبید اور رمضان زخمی ہوگئے ، فوری طو رپر تھانے میں بھاری نفری طلب کی گئی.

پولیس نے آتے ہی ہوائی فائرنگ کی اور مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں ایک شخص عبدالرسول ولد غلام رسول زخمی ہوگیا .

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع سے مدثر ، عبدالنبی اور لال محمد کو بھی گرفتار کرلیا ، تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال روانہ کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق زخمی ملزم اسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ تینوں پولیس اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال سے روانہ کردیا گیا ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے .

پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولیس نے گلشن حدید میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور دو درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے ۔

Leave a reply