کراچی پیپلز بس سروس: پہلے فیز میں 50 بسیں چلائی جائیں گی

0
47

کراچی میں پہلے فیز میں پیپلز بس سروس کی 50 بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ دوسرے فیز میں 200 بسیں کراچی اور لاڑکانہ میں چلائی جائیں گی۔

اس حوالے سے کراچی میں ترکی اور چین کے نمائندگان نے معاہدہ پر دستخط تقریب میں شرکت کی جبکہ این آر ٹی سی کے ایم ڈی بریگیڈیئر توفیق شریک ہوئے۔

ایم ڈی این آر ٹی سی بریگیڈیئر توفیق کا کہنا تھا کہ این آر ٹی سی سندھ میں ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے تمام تر وسائل استعمال کرے گی۔ ہم لاہور میٹرو سمیت کئی شہروں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ سندھ کے لوگوں کو بھی مثالی سروس دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تین ماہ بعد یعنی 31 جنوری 2022 کے بعد بسیں کراچی میں دیکھی جا سکیں گی جبکہ 12 سال تک این آر ٹی سی اس پروجیکٹ کو خود چلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد از جلد پبلک کو سہولت دینا چاہتے ہیں، تین سو بس اسٹاپ بنیں گے اور بین الاقوامی طرز کا سسٹم ہوگا۔ بسیں آنے کے بعد ٹیسٹ ٹرائل ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے کہا کہ یہ پروجیکٹ ہم نے شروع کیا تھا لیکن فنڈز کا مسئلہ تھا اور اس سال فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ وفاق سے فنڈز نا ملنے کے باوجود ہمیں وزیر اعلیٰ نے فنڈز دیے۔

پیپلز بس سروس پروجیکٹ شروع ہونے سے قبل ضلع وسطی یوپی موڑ پر بس ڈپو قائم کیا جائے گا جبکہ پروجیکٹ شروع ہونے کے بعد مزید پانچ ڈپو قائم کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت 250 ڈیزل ہائیبرڈ بسیں لائی جائیں گی۔

پیپلز بس سروس کل چھ روٹس پر چلائی جائیں گی۔ بسوں کا کرایہ کیا ہوگا اوقات کیا ہوں گے اس متعلق ابھی کوئی تفصیلات مہیا نہیں کی گئیں۔

پہلا روٹ

کراچی میں پہلا روٹ 29.5 کلومیٹر پر محیط ہوگا اور اس روٹ پر ماڈل کالونی سے ٹاور تک بسیں چلائی جائیں گی۔

روٹ میں ملیر ہالٹ، کالونی گیٹ، ناتھا خان برج، ڈرگ روڈ اسٹیشن، پی اے ایف بیس فیصل، لال کوٹھی، کارساز، نرسری، ایف ٹی سی، ریجنٹ پلازہ، جی پی ایم سی، کینٹ اسٹیشن، میٹرو پول، ریگل چوک اور آرام باغ شامل ہے۔

دوسرا روٹ

بس کا دوسرا روٹ 32.9 کلو میٹر پر محیط ہوگا اور روٹ نارتھ کراچی سے انڈس اسپتال تک کا ہوگا۔

روٹ میں ناگن چورنگی، شفیق موڑ، سہراب گوٹھ، گلشن چورنگی، نیپا، جوہر موڑ، سی او ڈی، ڈرگ روڈ اسٹیشن، کالونی گیٹ، شاہ فیصل کالونی، سنگر چورنگی اور لانڈھی روڈ شامل ہے۔

تیسرا روٹ

تیسرا روٹ ناگن چورنگی سے کورنگی سنگر چورنگی تک ہوگا، جس کا روٹ 33کلو میٹر پر محیط ہوگا۔

روٹ میں انڈہ موڑ، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن، کے ڈی اے چورنگی، ناظم آباد ٹاؤن، لیاقت آباد 10نمبر، عیسیٰ نگری، سوک سینٹر، نیشنل اسٹیڈیم، کارساز، نرسری، ایف ٹی سی، کورنگی روڈ، کے پی ٹی انٹرچینج اور شان چورنگی شامل ہے۔

چوتھا روٹ

بسوں کا چوتھا روٹ موسمیات سے ڈاکیارڈ تک ہوگا، جوکہ 25.9 کلو میٹر پر محیط ہوگا۔

روٹ میں گلزار ہجری، موٹروے ایم9، الآصف اسکوائر، عائشہ منزل، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد نمبر10، لالو کھیت، گرو مندر، سوسائیٹی چورنگی، ایمپریس مارکیٹ، سندھ ہائیکورٹ، آرٹ کونسل، آئی آئی چندریگر روڈ اور ٹاور شامل ہے۔

پانچواں روٹ

پانچواں روٹ 28.2 کلو میٹر پر محیط ہوگا جوکہ سرجانی سے مسرور بیس تک ہوگا۔

روٹ میں نیو کراچی، شفیق موڑ، کے ایم ڈی سی، ضیاءالدین چورنگی، کے ڈی اے چورنگی، موسیٰ کالونی، منگھوپیر، سائٹ ایریا اور گلبائی شامل ہے۔

چھٹا روٹ

چھٹا روٹ 29.6 کلو میٹر پر محیط ہوگا جوکہ اورنگی ٹاؤن گلشن بہار سے سنگر چورنگی تک ہوگا۔

روٹ میں اورنگی ٹاؤن، بنارس، پاپوش نگر، سائٹ ایریا، گولیمار، گارڈن، پی آئی بی کالونی، جیل چورنگی، بہادرآباد، بلوچ کالونی، محمودآباد، منظور کالونی، ڈی یاچ اے فیز1، کے پی ٹی انٹرچینج اور شان چورنگی شامل ہے۔

لاڑکانہ

لاڑکانہ میں بس کا روٹ 10.3 کلومیٹر پر محیط ہوگا جہاں بس ٹرمنل سے لاڑکانہ جنکشن تک بسیں چلائی جائیں گی۔

بسوں کے روٹ میں انڈس ہائی وے، 7 ناکا برج، غریب نگر، نوڈیرو چوک، شاھی بازار، انصاری محلہ اور اسٹیشن روڈ شامل ہے ۔

Leave a reply