fbpx

کراچی پولیس کا اپنے ہی ہیڈکوارٹر پر چھاپہ

پولیس نے اپنے ہی گارڈن ہیڈ کوارٹر پر چھاپہ مار کارروائی کی، کارروائی نبی بخش انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سے کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 روز قبل گارڈن ہیڈ کوارٹرز کے سامنے کپڑوں سے لدی گاڑی چھینی گئی تھی، واردات سوسائٹی میں خاتون افسر کے گھر کے کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کی شناخت گارڈن ہیڈ کوارٹرز کے رہائشی پولیس اہلکاروں سے ہوئی، اطلاع پر نبی بخش تھانے میں تین نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمے کے بعد گرفتاری اور برآمدگی کے لیے چھاپہ مارا گیا، چھاپے میں ملزمان نہیں ملے تاہم کارروائی جاری رکھی گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیگر علاقوں میں چھاپے مار کر 2 ملزمان کو گرفتار کرکے چھینا گیا کپڑا برآمد کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے گلستان جوہر پولیس نے ایس آئی یو کے 6 اہلکاروں کو گرفتار کرکے 65 تولہ سونا اور نقدی برآمد کرلی تھی، گرفتار ملزمان میں سب انسپکٹر، 2 اے ایس آئی اور تین اہلکار شامل تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ 24 جون کو گلستان جوہر میں ماسیوں کے گھر میں واردات کی تھی، چوری کا مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ایس آئی یو اہلکاروں نے 65 تولہ سونا برآمد کیا اور ظاہر نہیں کیا تھا، پولیس نے تفتیش کے دوران ملازمہ اور اس کے شوہر کو گرفتار کیا تھا۔

ملازمہ نے سامان کی برآمدگی سے متعلق ایسٹ پولیس کو آگاہ کیا تھا، شناخت کے بعد تمام اہلکاروں کو گرفتار کرکے سونا اور رقم برآمد کی گئی تھی۔