کراچی پریس کلب کی آپ نیوز چینل کی اچانک بندش کی شدید مذمت،وزرات اطلاعات و نشریات سے فوری اقدام کا مطالبہ

0
27

کراچی پریس کلب کی آپ نیوز چینل کی اچانک بندش کی شدید مذمت،وزرات اطلاعات و نشریات سے فوری اقدام کا مطالبہ
باغی ٹی وی :کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران ،سیکرٹری ارمان صابر اور دیگر عہدیداروں نے آپ نیوز چینل کی اچانک بندش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پیمرا اور وفاقی وزرات اطلاعات و نشریات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس اقدام کا نوٹس لیتے ہوئے سیکڑوں صحافیوں اورمیڈیا سے وابستہ افراد کی جبری برطرفی کا نوٹس لیں۔ روزنامہ جناح کے بعد ملک ریاض کا یہ دوسرا میڈیا پروجیکٹ ہے جسے اس طرح بند کر دیا گیا۔پیر کو جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورت حال کے باعث اس وقت صحافی مشکل ترین حالات میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔نتخواہوں کی کٹوتی اور تاخیر کے باوجود عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کے لیے صحافیوں نے اپنی جانوں کو خطرات میں ڈالا ہے، اس کے باوجود ان کی قربانیوں کا اعتراف کرنے کی بجائے ان کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پہلے تو صحافیوں کو ملازمتوں سے نکالا جارہا تھا لیکن اب پورے ادارے کو ہی بند کرکے ایک نئی مثال قائم کی گئی ہے۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ ایک طویل عرصے سے میڈیا مالکان ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت صحافیوں اور میڈیا ورکرزکا معاشی قتل کر رہے ہیں لیکن وفاقی و صوبائی حکومتیں، سینیٹ قومی و صوبائی اسمبلیاں,سیاسی و مذہبی جماعتیں، پیمرا، عدلیہ، انسانی حقوق کی قومی اور بین الاقوامی تنظیمیں سب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومتوں نے اس حوالے سے اب تک جو بھی اقدامات کیے ہیں ان کا فائدہ صرف میڈیا مالکان کو ہوا۔

انہوں نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور پیمرا حکام سے مطالبہ کیا کہ آپ نیوز کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے اسے بحال کروانے کے اقدامات کیے جائیں یا وہاں کام کرنے والے صحافیوں اور کارکنوں کے بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور انہیں چھ ماہ کی مکمل تنخواہیں ادا کی جائیں۔ آپ نیوز کی بندش کا فیصلہ ظالمانہ اقدام ہے ،جس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

Leave a reply