کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا وائرس کی سختیاں برقرار رہیں گی

0
43

وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا وائرس سختیاں برقرار رہیں گی۔

جمعرات کو وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو نےسندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمیں کرونا وائرس سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے تو ملک کی 80 فیصد عوام کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانا ہوگی۔

وزیر صحت نے کہا کہ غلط افواہیں آتی رہتی ہیں اور بہت تیزی سے پھیلتی ہیں۔اس وقت ہسپتالوں میں لوگ آرہے ہیں اور بستر بھر رہے ہیں۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ سندھ میں زیادہ کیسز آ رہے ہیں اور کراچی میں کیسز کی تعداد 11 فیصد ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ پورے ملک میں کیسز 3 سے 4 فیصد ہوگئے ہیں لیکن سندھ اب تک کرونا کیسز میں کمی نہیں آئی ہے کیوں کہ بہت سارے لوگ احتیاط نہیں کر رہے ہیں۔

انھوں نے واضح کردیا کہ بندشوں پر بزنس کمیونٹی احتجاج کر رہی ہے لیکن عوام کے بھلائی کے لئے یہ اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔ان میں کمی تب لائیں گے جب لوگ ویکسین لگوانا شروع کرینگے۔

اس لئے ہر شعبے میں ویکسینیشن کروانا ہوگی۔ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو ویکسینیشن کو آگے بڑھنا چاہئے تاکہ لوگوں کا اعتماد بڑھے۔

عذرا پیچوہو نے یہ بھی بتایا کہ وباء کے پھیلاؤ سے نظام صحت بری طرح متاثر ہے۔ اس وباء کی وجہ سے ہم کسی خوشی اور غم میں شریک نہیں ہوسکتے۔ ماسک لگا کر رکھنے سے ہم ایک دوسرے کی شکلیں بھول چکے ہیں۔ ماسک سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے تو ویکسینیشن کروائیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے ماہرین کے ساتھ فیصلے کئے تھے اور اس پر پولیٹیکل پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا چاہئے۔ 6 بجے تک دکانیں کھلی ہیں اور دکانیں بند نہیں کی ہیں۔

تاجروں کو مشورہ ہے کہ سویرے کاروبار کھولیں۔ کراچی کا معاشی قتل ہونا غلط ہے۔ اگرہماری مدد عوام نہیں کرے گی تو مزید سختیاں کرنا پڑیں گی۔ عوام کو خوش رکھنے کے فیصلے سے کام نہیں ہوسکتا.

Leave a reply