’کراچی صوبہ تو بنے گا، نام تم رکھ لو، جغرافیہ ہم طے کرلیں گے:خالد مقبول صدیقی کا حقوق کراچی مارچ سے خطاب

0
34

کراچی:’کراچی صوبہ تو بنے گا، نام تم رکھ لو، جغرافیہ ہم طے کرلیں گے،اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے حقوق کراچی مارچ میں علیحدہ صوبے کا نعرہ لگادیا۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے حقوق کراچی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے محبت کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ریاست پاکستان ہماری ہجرت کا صدقہ ہے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ صوبہ تو بننا ہے، نام تم طے کرلینا جغرافیہ ہم طے کرلیں گے، ایم کیو ایم کو اختیار ملا تو ملیر، لالوکھیت، لیاری میں مقامی پولیس ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں، ہم 14 اگست کو پاکستان آئے تم کب آئے؟ زرداری قبیلے کا تعلق سندھ سے کیا ہے، تم کب آئے تھے، صوبے سے متعلق فیصلے کے لیے اکتوبر، نومبر میں دوبارہ نکلیں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی پیکیج کے وعدے ہر جگہ ہیں لیکن عملدرآمد کہیں نہیں، ہمارے مطالبات اب ایک مطالبے میں ڈھل گئے ہیں، جنہوں نے پاکستان بنایا تھا وہی پاکستان بچاسکتے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے کہا کہ مردم شماری میں ہماری آدھی آبادی لاپتا کردی گئی، جب مردم شماری صحیح نہیں کرسکے تو مردم شناسی کیسے کرپاؤ گے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت یہ ہے جس کے پاس جہاں کا مینڈیٹ ہو حکمرانی بھی اسی کی ہو، خیرپور، لاڑکانہ سے آکر کراچی پر راج کیا جارہا ہے۔

سینیئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کا کہنا تھاکہ جنہیں ایم کیو ایم کا شیرازہ بکھرنے کی غلط فہمی تھی وہ آج شرمندہ ہیں اور جو لوگ ریلی کےخلاف پمفلٹ بانٹ رہے تھے ان کا آج منہ کالا ہوگیا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری کا کہنا تھاکہ آج ٹیکس چوروں کا نہیں ٹیکس دینے والوں کا اجتماع ہے، لیاقت آباد اتنا ٹیکس دیتا ہے جتنا پورا لاہور اور اسلام آباد نہیں دیتا۔

فیصل سبزواری کا کہنا تھاکہ حکمران کہہ دیتے ہیں کہ تین نالے صاف کردو کراچی کا مسئلہ حل ہوجائے گا،کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ آبادی کا کم گننا ہے،ہم ڈیڑھ کروڑ نہیں 3 کروڑ ہیں۔

Leave a reply