کراچی سے گرفتار دہشتگردوں کے کس ملک میں رابطے تھے، ٹارگٹ کیا تھا؟ اہم انکشافات

0
31

کراچی سے گرفتار دہشتگردوں کے کس ملک میں رابطے تھے، ٹارگٹ کیا تھا؟ اہم انکشافات

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے آئی جی سندھ مشتاق مہر،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاھد اور انچارج سی آئی ڈی عمر خطاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بہت بڑا دن ہے۔ آج دھشتگردوں کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا۔ جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ٹارگٹ خاص طور پر سندھ تھا۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کئی ماہ سے مختلف تھریٹ الرٹ تھے، جس پر سی ٹی ڈی سندھ پولیس، قانوں نافذ کرنے والے اداروں اور بالخصوص حساس اداروں نے بہت محنت کی۔ آج صبح کارروائی میں ایک خود کش بمبار موقع پر مارا گیا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ 6 گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ الارمنگ صورت حال یہ ہے کہ ان کے پاس جو مواد تھا اس سے بڑی تخریب کاری کا اندیشہ تھا۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق گروہ کے زیادہ تر افراد کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے۔ را کے ملوث ہونے کے بھی پکے شواہد ملے ہیں ۔ہماری اہم تنصیبات اور شخصیات ٹارگٹ تھے ۔صوبائی وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ اھم اداروں میں سندھ اسمبلی بھی شامل ہے۔ اللہ کا شکر ہے۔ ہماری پولیس، سی ٹی ڈی افسران اور حساس اداروں نے کامیاب کارروائی کی۔ خطرناک گروہ کو پکڑا گیا ،جس کے تانے بانے افغانستان اور را سے جاکے ملتے ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم سب کے لیے پاکستان اہم ہے۔ ہمارے ادارے بھی مقدم ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ہمارے ادارے ملک کو بڑے خطروں اور تخریب کاری سے محفوظ رکھتے ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، ہمارا دشمن سامنے نہیں آتا، وہ ہمارے لوگوں کو استعمال کرتا ہے اور دھشتگردوں کو سہولت کار یہاں سے ملتے ہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جو پاکستان کے خلاف بات کرتا ہے اس سے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی، جو پاکستان کے خلاف بات کر رہا ہے اس کو یہاں رہنے کا حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے ،مل کر مضبوط کرنا ہے۔ ملک کی بات آئے تو ہم سب کو ساتھ ہونا چاہئے ،دشمن ملک میں امن نہیں چاہتے اور ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ پولیس با اختیار ہیں لیکن وہ سندھ پولیس کا حصہ ہیں ہم مل کر کام کرتے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے بعد تمام معلومات آپ کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔ یہ جوائنٹ آپریشن تھا جس میں پولیس، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے حصہ لیا.

اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں زاھد اللہ عرف سلیمان، بسم اللہ عرف حاجی لالا، محمد قاسم عرف حاجی صدیق، انعام اللہ عرف بلال اور گل محمد مسلح حالت میں گرفتار ہوئے ، جبکہ ملزمان سے چار ضرب کلاشنکوف بمہ میگزین، بارہ عدد میگزین کلاشنکوف، کلاشنکوف کے مزید زندہ راؤنڈ 500، تین عدد خود کش جیکٹس، ایک عدد رکشہ جس میں بارودی مواد نصب معہ 02 عدد راکٹ ، 12 عدد ڈیٹونیٹر، 13 عدد بارودی بلاکس ، 12 عدد ہینڈ گرنیڈز اور اہم تنصیبات کے نقشے و دیگر اشیاء برآمد ہوئی ہیں۔

Leave a reply