لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے لیے گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا ۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق خانیوال، ملتان، ساہیوال، گوجرانوالا، سیالکوٹ، جہلم اور منڈی بہاؤ الدین سمیت مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹرانسپورٹ کرایوں کی جانچ پڑتال جاری ہے، شیخوپورہ، فیصل آباد، راول پنڈی، سرگودھا اور لیہ سمیت کئی شہروں کے ڈپٹی کمشنروں نے بسوں پر چھاپے بھی مارے اور مسافروں سے کرایوں کے بارے میں دریافت کیا، راو لپنڈی سے مری اور مظفرآباد روٹس پر من مانے کرائے وصول کرنے والوں پر جرمانے اور وصول کیا گیا زائد کرایا مسافروں کو واپس دلا دیا گیا-
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے عید کے بعد واپس جانے والوں سے زائد کرایوں کی وصولی روکنے اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔