کشمیر کا مسئلہ برطانوی پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے، برطانوی اراکین پارلیمنٹ کی اسد قیصر سے ملاقات

0
25

برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے عالمی برادری اور بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں فی الفور کرفیو اٹھایا جائے، کشمیریوں پر مظالم، کرفیو اور نسل کشی جیسے بھارتی اقدامات پر سلامتی کونسل کے تمام ارکان کو مداخلت کرنی چاہئے۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دی جائے، عالمی برادری جاگے اور وہاں پر انسانی حقوق کی بدترین کارروائیاں روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام سے برطانوی پارلیمنٹ کے وفد نے ملاقات کی ہے،ملاقات کرنے والوں میں برطانوی پارلیمنٹ کے وفد کے سربراہ خالد محمود کی قیادت میں وفد کے دیگرشامل تھے.

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتو کرتے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ کے وفد نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کا موقف جاننے کے لئے آئے ہیں، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، دنیا اس وقت اندھیرے میں ہے کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے، کشمیر میں مکمل بلیک آﺅٹ ہے، وہاں بچوں اور خواتین کے ساتھ کیا واقعات پیش آ رہے ہیں، دنیا کو یہ حقائق معلوم ہونے چاہئیں۔

برطانوی وفد کا کہنا تھا کہ ہمیں کشمیریوں کی نسل کشی کا خدشہ ہے، ہم اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر میں زندگی معمول کی طرف واپس لوٹ آئے۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے لئے کشمیریوں کی مرضی ضروری ہے، عالمی برادری کو اس طرف توجہ دینی چاہئے، اس مسئلہ کو برطانوی پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں مسلسل کرفیو کا نفاذ اور مسلمانوں کو مذہبی فریضے کی ادائیگی سے روکے رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے.

سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا خطے کی سلامتی کے لئے ناگزیر ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ اسد قیصر کا مزید کہناتھا کہ 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے فقید المثال یوم سیاہ کے احتجاج نے مسئلہ کشمیر کو ایک نئی روح پھونک دی ہے۔

Leave a reply