کشمیر ملین مارچ:لاکھوں افراد نے 5 کلومیٹر طویل کشمیرکا پرچم لہراکرعالمی ریکارڈ قائم دیا

0
37

اسلام آباد:کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے اسلام آباد میں انسانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر امڈ آیا۔کشمیر ملین مارچ کے دوران لاکھوں افراد نے پانچ کلومیٹرطویل کشمیر کا پرچم لہرا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ جموں کشمیر سالیڈیریٹی موومنٹ اور کشمیر یوتھ الائنس کے زیر اہتمام ہونے والے اس تاریخی اور منفرد نوعیت کے مارچ میں جڑواں شہروں اور گردونواح سے آنے والے عوام نے نئی تاریخ رقم کر دی۔ اس موقع پروفاقی دارالحکومت کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتا رہا۔

پانچ کلومیٹر کا طویل ترین کشمیر کا پرچم ڈی چوک سے ایف نائن تک لہرایا گیا،ملین مارچ کے دوران شرکا میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔جڑواں شہروں کی عوام مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے اسلام آباد کی سڑکوں پر نکلی تو عوام کابہت بڑا جم غفیر دیکھنے میں آیا۔ شہر بھر سے خواتین، تاجر، طلبا ،علما، وکلا، سمیت تمام تر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے پانچ کلو میٹر طویل ترین کشمیری پرچم لہرا کر دنیا کو بتا دیا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ تھی، ہے اور رہے گی،

جموں کشمیر سالیڈیریٹی موومنٹ کی چیئرمین ،جنرل حمید گل مرحوم کی بیٹی عظمیٰ گل اور کشمیر یوتھ الائنس کے صدر ڈاکٹر مجاہد گیلانی کی قیادت میں کشمیر ملین مارچ میںبڑے قافلوں نے شرکت کی۔ کشمیر ملین کا مارچ کا آغاز دن ڈھائی بجے ہونا تھا تا ہم شہری ایک بجے سے ہی ڈی چوک اور دوسرے اسٹیج پر پہنچنا شروع ہو گئے۔ شرکاءمیں کشمیر کے حوالہ سے زبردست جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔


کشمیر ملین مارچ کے شرکاءنے پرچم لہرانے کا آغاز ڈی چوک سے کیاگیا۔ ڈی چوک سے ایف نائن پارک تک پانچ سٹیج بنائے گئے تھے۔ ڈی چوک پر بنائے گئے سٹیج پر جڑواں شہروں سے خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، خواتین کے سٹیج پر اراکین اسمبلی اورانسانی حقوق کی سرگرم خواتین رہنماﺅں نے خطابات کیے۔دوسرا سٹیج بلیو ایریا کے قریب بنایا گیا جس پر شہر بھر سے کاروباری لوگ، تاجر،یونینز،مزدور نمائندے شریک تھے۔

تیسر ا سٹیج طلبا کا تھا ،چوتھا سٹیج سینٹورس مال کے قریب بنایا گیا تھا جس میں حریت رہنماﺅں سمیت کشمیری قیادت شریک تھی۔پانچویں اور آخری سٹیج پرسول سوسائٹی، یوتھ تنظیموں اور اقلیتی برادری کے نمائندگان شریک تھے،پانچوں سٹیجوں کے شرکاءکشمیریوں کے حق میں نعرے لگاتے رہے اور خطابات بھی کرتے رہے۔کشمیر ملین مارچ میں ڈی چوک پر خواتین کے اسٹیج پر سب سے پہلے جموں کشمیر سالیڈیریٹی موومنٹ کی چیئرمین عظمیٰ گل اورکشمیر کمیٹی کی رکن اور ممبر قومی اسمبلی نورین فاروق پہنچیں۔

اسی طرح چیئرمین کشمیر یوتھ الائنس ارسلان صادق، صدر ڈاکٹر مجاہد گیلانی سمیت ہندوکمیونٹی کے نوجوان راہنما اور فاٹا یوتھ کے راہنما بھی ابتداءمیں اسٹیج پر پہنچے۔ مسلم کانفرنس آزاد کشمیر یوتھ کے صدر سردار عثمان عتیق، سٹیٹ یوتھ کے صدر شہیر سیالوی ہزاروں نوجوانوں کے ہمراہ پنڈال پہنچے۔شرکاءکے قافلوں کا بھرپور نعروں سے استقبال کیا جاتا رہا۔ مسلم کانفرنس کے رہنما سردار عثمان عتیق ہزاروں افراد کے ساتھ سٹیج 5 والے پنڈال میں پہنچے۔

Leave a reply