یوم استحصال کشمیر:وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اورگورنرچوہدری محمد سرور کی قیادت میں گورنر ہاؤس سے فیصل چوک تک ریلی

0
21

یوم استحصال کشمیر:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اورگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی قیادت میں گورنر ہاؤس سے فیصل چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے سائرن بجائے گئے۔ پاکستان اورآزاد جموں و کشمیر کے ترانے بجائے گئے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار،گورنر چوہدری محمد سرور،صوبائی وزراء اراکین اسمبلی اورتحریک انصاف کے عہدیداران نے ہاتھوں کی زنجیر بنا کرکشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
فضاء”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان اورکشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے لاہورسمیت پنجاب کے ہر ڈویژن میں ایک سڑک کو سرینگرکے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم آج یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منا رہی ہے۔عثمان بزدارنے کہا کہ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں، انہیں کبھی نہیں بھول سکتے۔ہم کل بھی کشمیریوں کے ساتھ تھے،آج بھی ساتھ ہیں اورکل بھی ساتھ رہیں گے۔عثمان بزدارنے کہا کہ قائداعظمؒ نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ ہم کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ہم کشمیری عوام کی سفارتی،سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔عثمان بزدارنے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔اس موقعہ پرگورنر پنجاب چوہدری محمدسرورنے کہا کہ مودی نے 5اگست2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑا دیں۔بھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔گورنر پنجاب نے کہا ہم بھارت کی ہٹ دھرمی اورغیر قانونی اقدام کو ہر سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔ پاکستان کشمیر کے بغیرادھورا ہے۔مودی فاشسٹ اورہٹلر کا شاگرد ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مودی نے پہلے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا اورپھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کومکمل مذہبی آزادی حاصل ہے بھارت میں اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کردیاگیاہے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ 22 کروڑپاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ریلی میں صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، یاسمین راشد،فیاض الحسن چوہان،اختر ملک، نعمان لنگڑیال،اراکین اسمبلی نذیر چوہان، مسرت جمشید چیمہ،مہندر پال سنگھ، تحریک انصاف پنجاب سینٹرل کے صدر اعجاز چوہدری، پارٹی رہنماؤں و عہدیداران جمشید اقبال چیمہ، دیگر شخصیات اورعوامی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

Leave a reply