بھارتی بربریت کا نشانہ نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم آزادی کے موقع پر لیاقت باغ سے ڈی چوک اسلام آباد تک عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی، عامر محمود کیانی

0
35

اسلام آباد۔ 13 اگست (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ بھارتی بربریت کا نشانہ نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بدھ کو یوم آزادی کے موقع پر لیاقت باغ سے ڈی چوک اسلام آباد تک عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی، مودی نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے وادی میں شب خون مارا، مذموم بھارتی اقدام سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو مزید تقویت ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے گذشتہ 70 سال سے کشمیریوں کو محکوم بنا رکھا ہے، کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھائے جا رہے ہیں، مودی ہٹلر بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کرایا اور اس پر امریکہ آنے کی پابندی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مودی بھارتی انتہاء پسند تنظیم آر ایس ایس کے نازی نظریہ پر عمل پیرا ہیں، مقبوضہ وادی میں جاری مظالم آر ایس ایس کے نازی نظریات کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے کشمیر میں مظالم سے آر ایس ایس کی مفلوج اور کمزور ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے اس معاملہ پر کوتاہی کا مظاہرہ کیا، 70 سال سے کشمیری پاکستان سے محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں جس کے باعث وہ مظالم برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرکے وادی میں شب خون مارا، مذموم بھارتی اقدام سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو مزید تقویت ملے گی کیونکہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کسی کاغذ کے ٹکڑے کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بدھ کو آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کریں گے، وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھایا ہے، پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکہ کے دوران اس معاملہ پر بات کی، اس دورہ کے دوران لوگوں نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا، عالمی سطح پر وزیراعظم عمران خان کی ساکھ ہے اور عالمی برادری ان پر اعتماد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہئے، یہ مشترکہ قومی مسئلہ ہے اور ہمیں اس پر یکساں مؤقف اختیار کرکے آگے بڑھنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملہ پر پوری 22 کروڑ عوام متحد ہے، چند لوگوں کے ذاتی مسائل ہیں، انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے، موجودہ حکومت نے ان کے خلاف کوئی کیس نہیں بنایا، ان کے معاملات عدالتوں میں چل رہے ہیں اور عدالتیں ہی ان کے بارے میں فیصلہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بربریت کا نشانہ نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بدھ کو عظیم الشان ریلی سہ پہر تین بجے لیاقت باغ سے ڈی چوک تک نکالی جائے گی۔ ریلی میں وزراء، مقامی قیادت اور کارکنان شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام کارکنان سمیت ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ ریلی میں زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائیں۔

Leave a reply