فیصل آباد آرٹس کونسل میں یوم سیاہ کے سلسلے میں کشمیریوں کے جدوجہد آزادی پر مشتمل تصویری نمائش
فیصل آباد(عثمان صادق)کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے کشمیریوں کو حق رائے دہی دئیے بغیر علاقائی امن ممکن نہیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے فیصل آباد آرٹس کونسل کے زیراہتمام کشمیر کے حوالے سے یوم سیاہ کے سلسلے میں کشمیریوں کے جدوجہد آزادی پر مشتمل تصویری نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد تصاویر دیکھتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد،اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ27۔اکتوبر 1948ء کو کشمیرمیں ہندوستانی فوج کے داخلہ اور قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تصاویری نمائش کا مقصد بھارتی فوج کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کو اجاگر کرکے احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھی جائے گی۔نمائش میں رکھی گئی تصاویر میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے مختلف مناظر دکھائے گئے ہیں