کشمیری رہنما شاہ فیصل بھی گرفتار، حالات کشیدہ ہوگئے

دہلی: بھارت اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہا، بھارت نے دہلی ائر پورٹ سے ایک اور کشمیری رہنما کو گرفتار کر لیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت انتہائی خوف کا شکار ہے، کشمیر میں مکمل بلیک آؤٹ کے بعد کشمیری رہنماؤں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بھارت نے کشمیری رہنما شاہ فیصل کو بیرون ملک روانہ ہونے سے قبل دہلی ائر پورٹ سے گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے شاہ فیصل کو گرفتار کر کے سرینگر میں نظر بند کر دیا۔ وہ استنبول روانہ ہونے کے لیے دہلی ائر پورٹ پہنچے تھے۔واضح رہے کہ شاہ فیصل نے جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹانے پر بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اس کو ریاست میں مین اسٹریم کی سیاست کا خاتمہ بتایا تھا۔ یاد رہے کہ شاہ فیصل پہلے کشمیری ہیں جنہوں نے بھارت کا سب سے بڑا سول سروس کا امتحان نمایاں پوزیشن میں پاس کرنے کے بعد صرف اس لیے استعفیٰ دے دیا تھا کہ بھارت کشمیریوں کے ساتھ ظلم کررہا ہے اور ان کا حق خودارادیت دبائے بیٹھا ہے.