امدادی کشتی پر اسرائیلی حملہ انسانیت کی توہین ،عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، خالد مسعودسندھو

مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے غزہ کی مظلوم عوام تک امداد پہنچانے والی کشتی ’میڈلین‘ پر اسرائیلی حملے اور اس پر قبضے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بین الاقوامی پانیوں میں امدادی مشن کو روکنا، جہاز پر سوار افراد کو حراست میں لینا اور کمیونیکیشن سسٹمز کو جام کرکے دنیا سے ان کا رابطہ منقطع کرنا نہ صرف بربریت کی انتہا ہے بلکہ یہ عالمی برادری کے منہ پر طمانچہ ہے

خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ اسرائیل نے انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کو پامال کیا ہو، مگر عالمی طاقتوں کی مجرمانہ خاموشی اسرائیلی جارحیت کو شہ دے رہی ہے، امدادی کشتی پر نہتے شہری، ماحولیاتی کارکن اور یورپی پارلیمنٹ کی رکن موجود تھیں، جن پر ڈرون کے ذریعے سفید کیمیکل اسپرے کرنا انسانیت سوز اور ناقابلِ معافی جرم ہے، اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری طور پر اس واقعہ کا نوٹس لیں،حکومت پاکستان بھی اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اپنا سفارتی احتجاج ریکارڈ کرائے اور عالمی سطح پر فلسطینی عوام کی آواز بنے۔

خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں قحط اور بمباری کے شکار لوگوں کے لیے امداد لے جانے والوں کو نشانہ بنانا دراصل انسانیت کو نشانہ بنانا ہے۔ ہم اس ظلم پر خاموش نہیں رہیں گے، بلکہ مظلوم فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے،مسلم دنیا کو اسرائیلی مظالم کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانی چاہیے اور امدادی مشنوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کرنے ہوں گے۔

Shares: