قصور ،باغی ٹی وی (ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے والے 5 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق متاثرہ افراد کے اہلخانہ کی شکایات پر یہ کارروائی کی گئی۔ ملزمان نے چونیاں، کوٹ رادھا کشن اور رائے ونڈ سے تعلق رکھنے والے چار شہریوں سے فی کس 32 لاکھ روپے وصول کیے اور انہیں اٹلی بھیجنے کا وعدہ کیا مگر حقیقت میں انہیں ایران پہنچا دیا گیا۔
مزید براں انسانی سمگلروں نے بعد میں متاثرین کے اہلخانہ سے مزید 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور رقم نہ ملنے پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ ظالمانہ سلوک کی انتہا یہ تھی کہ ملزمان نے متاثرین کی انگلیاں اور کان کاٹ کر ان کے ورثا کو ویڈیوز بھیج دیں۔
ایف آئی اے نے اہلخانہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کی، جس کے نتیجے میں شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور قصور سے تعلق رکھنے والے 5 انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں محمد شہزادہ، محمد اسماعیل، کاشف، میاں فاروق اور اشتیاق احمد شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی ان کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔