قصور : دکاندار پر تشدد اور فائرنگ، علاقہ میں خوف کی فضاء
قصور (باغی ٹی وی بیوروچیف غنی محمود): ضلع قصور کے نواحی قصبہ کھڈیاں خاص میں دہشت گردوں نے ایک دکاندار پر کھلے عام تشدد کیا اور فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 8 سے 10 کے قریب مسلح افراد نے کاشف نامی موبائل شاپ کے مالک کو گاہکوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کی۔ اندھا دھند فائرنگ سے بازار میں ہڑکمپ مچ گیا اور لوگ اپنی جان بچا کر دکانوں میں چھپ گئے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ واقعہ آج مورخہ 12 ستمبر کو پیش آیا اور ملزمان اسلحہ کے زور پر دکاندار کو گھسیٹتے ہوئے لے گئے۔ علاقہ مکینوں نے ڈی پی او قصور سے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کی شناخت کے لیے CCTV فوٹیج کو چیک کیا جا رہا ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔