یہ وقت دھرنوں اور مارچ کے لئے مناسب نہیں۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور

گجرات (طارق محمود سے)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، مگر یہ وقت دھرنوں اور مارچ کیلئے مناسب نہیں، اس وقت پوری قوم کی توجہ کشمیر کاز پر ہونی چاہیے اور سب کو متحد ہو کر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں ں ے المدثر ٹرسٹ کھاریاں میں سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ارکان اسمبلی سید فیض الحسن شاہ، تاشفین صفدر، میاں اختر حیات، چوہدری ارشد، چوہدری الیاس، تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر ارشد داد، المدثر ٹرسٹ کے سربراہ سید محمد مدثر، اساتذہ و طلبہ و طالبات بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے چوہدری ارشد داد کی سربراہی میں چلنے والی ہنرفاؤنڈیشن کا بھی دورہ کیا اور المدثر ٹرسٹ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگوانے کا اعلان کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست سے کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ دیے ہیں، ہزاروں نوجوانوں اور بچوں کو گرفتار، تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، قابض بھارتی افواج بربریت کی داستانیں رقم کر رہے ہیں ان حالات میں ہمیں متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں جہالت، غربت کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، ہمیں اپنا تعلیمی نظام، صحت کا نظام، عدل کا نظام بہتر بنانا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ ملک کی 50فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، ملک میں پچاس فیصد اموات پانی سے بیماریوں کیوجہ سے ہو رہی ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں آب پاک اتھارٹی قائم کر دی ہے اور آئندہ چار سال میں ہر شہر، قصبہ اور گاؤں میں پینے کیلئے صاف پانی فراہم کر دیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں پنچابی کلچر کے فروغ کیلئے پرعزم ہے بہت جلد گورنر ہاؤ س میں پنجابی کلچر ڈے منایا جائے گا جہاں پرفارمنس کیلئے المدثر ٹرسٹ کے بچوں کو بھی دعوت دی جائے گی۔ گورنر پنجاب نے المدثر ٹرسٹ کے تحت چلنے والے سپیشل بچوں کے ادارے کو زبردست سراہا اور کہا کہ یہ سکول بین الااقوامی معیار کا ہے اور حکومتی مشینری کے لئے ایسے ادارے مثال ہیں، جبکہ یہاں بچوں کو بہترین تعلیم دینے والے اساتذہ کرام بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

Comments are closed.