ڈی سی گجرات نے سیلاب سے متعلقہ محکموں کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی
گجرات(نمائندہ باغی ٹی وی)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی ہے کہ آمدہ مون سون کے دوران ممکنہ سیلاب کی صورت میں ریسکیو اینڈ ریلیف سے متعلقہ محکمے اپنی تیاری مکمل رکھیں، ہنگامی صورتحال میں متاثرین کیلئے تینوں تحصیلوں میں 25 ریلیف کیمپس کے قیام کیلئے موزوں مقامات کی نشاندہی کر لی گئی، شہری علاقوں سے پانی کے فوری نکاس کیلئے ایمرجنسی ٹیموں کی تشکیل،سیوریج نالوں کی صفائی، ڈی واٹرنگ سیٹ بروقت نشیبی علاقوں میں نصب کر دیے جائیں، یہ ہدایات انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں، اے ڈی سی ریونیو ڈاکٹر رانی حفصہ کنول، اے سی کھاریاں فیصل عباس مانگٹ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر، ڈی او ایمرجنسی عمر اکبر گھمن سمیت مختلف محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ ایمرجنسی کیمپس کیلئے ماضی میں سیلاب سے متاثرہ ہونیوالے علاقہ جات کو مد نظر رکھا گیا ہے، ہنگامی صورتحال میں تحصیل گجرات میں 15، تحصیل کھاریاں میں پانچ اور تحصیل سرائے عالمگیر میں بھی 5ریلیف کیمپس قائم ہونگے، سیلاب کی صورت میں انتظامی حوالے سے ضلع گجرات کو 13جبکہ ریسکیو سروسز کے حوالے سے چار سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، ریسکیو 1122اپنے سیکٹرز میں قبل از وقت ہی کشتیاں اور دیگر سامان موزوں مقامات پر منتقل کر دے گا، محکمہ صحت ان مراکز پر طبی عملہ اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کا ذمہ دار ہو گا اسی طرح لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ جانوروں کی ادویات، ونڈز کی فراہمی کا انتظام کر ے گا۔۔ ڈپٹی کمشنر نے ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے گجرات کو ہدایت کی کہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے بڑے شہروں کی طرز پر مختلف علاقوں میں ہنگامی مراکز قائم کئے جائیں جہاں امدادی ٹیمیں 24گھنٹے موجود رہیں گی، بلدیاتی ادارے اپنے زیر انتظام علاقوں میں نالوں کی صفائی کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل فوری مکمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ریسکیو 1122، گوجرانوالہ اور گجرات کی ٹیموں کے ہمراہ سیلابی صورتحال میں ریسکیو اینڈ ریلیف کے حوالے سے مشقوں کا انعقاد کرے گا جبکہ محکمہ انہار تمام حفاظی بندوں کی انسپکشن کرکے رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو فراہم کرے گا۔