قومی کھلاڑیوں نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے بائیو سیکیور ببل جوائن کرلیا

0
25

قومی کھلاڑیوں نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے بائیو سیکیور ببل جوائن کرلیا

باغی ٹی وی : پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انگلینڈ سے وطن واپس لوٹنے والے 21 کھلاڑیوں کے دوسرے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی ہے۔

مسلسل 2 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کرکٹرز نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں، جہاں انہیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے۔

ان کھلاڑیوں میں ناردرن کے محمد عامر، حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب ، سنٹرل پنجاب کے عابد علی اور نسیم شاہ، سدرن پنجاب کے محمد عباس،خیبرپختونخوا کے شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، محمد رضوان، محمد حفیظ، فخر زمان، شعیب ملک، عمران خان سینئر اور افتخار احمد، بلوچستان کے یاسر شاہ، کاشف بھٹی اور امام الحق جبکہ سندھ کے سہیل خان، محمد حسنین اور اسد شفیق شامل ہیں۔

ناردرن کے آلراؤنڈر سہیل تنویر نے بھی بائیو سیکیور ببل کو جوائن کرلیا ہے۔

علاوہ ازیں، سرفراز احمد کےآج ہونے والے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ کل متوقع ہے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کا کوویڈ19 ٹیسٹ آج شام پی سی بی کے سنٹرل اسٹیشن پر کیا جائے گا۔

اس سے قبل ان اسکواڈز میں شامل جس فرد کا پہلا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا تھا، اس کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔ سیلف آئسولیشن میں موجود اس فرد کا تیسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ 30 ستمبر بروز بدھ کو لیا جائے گا۔

تیس ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کی غرض سے تمام فرسٹ الیون اسکواڈز پہلے ہی ملتان کے بائیو سیکیور ماحول میں موجود ہیں۔

اُدھر فواد عالم کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے، جس کے بعد انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں موجود سندھ سیکنڈ الیون کے اسکواڈ کو جوائن کرلیا ہے۔

Leave a reply