اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کا نواحی علاقہ خرم پور بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ علاقے کا واحد کچا راستہ مکینوں کے لیے عذاب بن گیا ہے۔ بارش کے دوران راستہ کیچڑ اور دلدل میں تبدیل ہو جاتا ہے جس سے اسکول کے بچے، مزدور اور بیمار افراد بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، اوچ شریف کے نواحی علاقے خرم پور کی بستی جھوک بلوچاں کے مکینوں کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ اہلیانِ علاقہ نے نو منتخب ایم این اے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر سولنگ تعمیر کرائیں تاکہ مقامی آبادی کو اس دیرینہ مسئلے سے نجات مل سکے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے کا واحد راستہ مکمل طور پر کچا ہے جس کی وجہ سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ بارش کے دوران یہ راستہ دلدل اور کیچڑ میں بدل جاتا ہے جس سے نہ صرف آمد و رفت مشکل ہو جاتی ہے بلکہ اسپتال جانے والے مریضوں کو بھی سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مکینوں نے بتایا کہ بستی جھوک بلوچاں کے لوگ برسوں سے بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جبکہ دیگر علاقوں میں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بستی میں سولنگ تعمیر کر دی جائے تو عوام کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہے۔
اہلیانِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ہر الیکشن کے موقع پر سیاستدان سہولیات فراہم کرنے کے دعوے کرتے ہیں مگر کامیابی کے بعد عوامی مسائل کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بستی جھوک بلوچاں کے عوام نے ہمیشہ حکومتی دعوے سنے مگر عملی طور پر انہیں کچھ نہیں ملا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبے کسی ایک جماعت یا فرد کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کا بنیادی حق ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ تمام علاقوں میں مساوی ترقیاتی کام کروائے اور پس ماندہ بستیوں کو نظر انداز نہ کرے۔
اہلیانِ علاقہ نے مطالبہ کیا کہ ان کی مشکلات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور جلد از جلد سولنگ تعمیر کر کے انہیں بنیادی سہولت فراہم کی جائے۔ بصورت دیگر وہ سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔