راولپنڈی : خیبرپختونخوا نے سندھ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی،اطلاعات کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے 25 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا نے سندھ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کرکٹ ذرائع کے مطابق سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شان مسعود کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔
13 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گنوانے کے بعد شان مسعود نے پہلے شرجیل خان اور پھر انور علی کے ہمراہ بالترتیب 51 اور 32 رنز کی شراکت قائم کی۔
شان مسعود نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شرجیل خان 26 رنز بناکر آؤ ٹ ہوئے۔
انور علی نے 3 چھکوں کی بدولت 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے افتخار احمد نے 2 جبکہ نیاز خان اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کا آغاز بھی زیادہ پراعتماد نہ تھا اور اس کی ابتدائی تین وکٹیں 54 رنز گر چکی تھیں۔ایسے میں افتخار احمد نے 34 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 55 رنز اور صاحبزادہ فرحان 49 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
افتخار احمد اور صاحبزادہ فرحان کی 100 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری نے کے پی کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ خیبرپختونخوا نے 153 رنز کا ہدف 18 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سندھ کے زاہد محمود اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ افتخار احمد کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔