
خیبر(باغی ٹی وی رپورٹ) صوبائی وزیر تعلیم کی جانب سے صوبہ بھر میں مختلف ٹیچنگ کیڈرز کی خالی 17 ہزار آسامیوں میں سے 5 ہزار آسامیاں ختم کرنے کے فیصلے پر ملگری استاذان خیبر نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ملگری استاذان کے صدر گلاب دین آفریدی نے اس فیصلے کو تعلیم دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نظامِ تعلیم کی تباہی کی سازش ہے۔
احتجاج میں شرکت کی اپیل
گلاب دین آفریدی نے اعلان کیا کہ 22 جنوری کو ایپگا خیبر پختونخوا کے تحت ہونے والے احتجاج میں ملگری استاذان کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے تمام ملازمین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں سمیت احتجاج میں شرکت کریں تاکہ حکومت کو یوٹرن لینے پر مجبور کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملازمین کے مطالبات پورے کرنے کے بجائے غیر ضروری فنڈز میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے ANP دور حکومت میں ملازمین کے لیے کی گئی اصلاحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم دوست حکومت ہی حقیقی مسائل حل کر سکتی ہے۔
اساتذہ کی تنظیمی شمولیت
اجلاس کے دوران تحصیل جمرود میں ملگری استاذان کے نئے اراکین، فضل اکبر SST، صادق اللہ PST، محمد نواز PST، نجیب اللہ PST، اور صحت نواز نے تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔ اجلاس میں صوبائی نائب صدر رحمت شاہ آفریدی، ضلع خیبر کے صدر گلاب دین آفریدی، اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
دعا برائے مرحومین
اجلاس کے اختتام پر تنظیم کے سینئر رہنما عمر علی شینواری کی والدہ، کامیاب گل کی والدہ، سابقہ ADO وحید اللہ کی بھابھی، اور اصغر خان کے چچا کی وفات پر اجتماعی دعا بھی کی گئی۔
29 جنوری: باچا خان اور ولی خان کی برسی میں شرکت کی دعوت
مزید برآں، 29 جنوری کو ڈی ٹور روڈ بیسے بابا پہاڑ چوک میں باچا خان اور خان عبد الولی خان کی برسی کے موقع پر ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی۔ ANP کے صدر عبد الرزاق آفریدی کی صدارت میں ہونے والے اس جلسے میں علاقے کے امن اور اکابرین کو خراج تحسین پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔