تہران: پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر کسی نے دھمکایا تو بھرپور، فیصلہ کن اور نتیجہ خیز جواب دیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنرل حسین سلامی نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دشمن اب تک بھٹکا ہوا ہے اور اس نے تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا۔یمن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل حسین سلامی نے کہا کہ حوثی یمن کی نمائندہ حکومت ہیں اور وہ اپنے فوجی آپریشنز کے فیصلے لینے میں مکمل طور پر خود مختار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی قسم کی جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر کسی نے دھمکی دینے یا جارحیت کی کوشش کی تو اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ ایران ہمیشہ اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے تیار ہے۔