کچن اشیاء کے نرخوں میں استحکام کے لئے حمزہ شہباز ان ایکشن

0
38

وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز سستے آٹے کی پورے پنجاب میں فراہمی کے بعد عام آدمی پر مہنگائی کا بوجھ مزید کم کرنے کیلئے ان ایکشن.حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا.اجلاس میں روزمرہ اشیاء کے نرخوں میں استحکام لانے کیلئے تجاویز ہیش کی گئیں.

وزیر اعلی حمزہ شہباز شریف نے روزمرہ استعمال کی ضروری کچن اشیاء کے نرخوں میں استحکام کے لئے جامع پلان طلب کر لیا ،وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ایسا میکنزم تشکیل دیا جائے، جس سے عام آدمی کو ضروری کچن آئٹمز مناسب نرخوں پر تسلسل کے ساتھ مل سکیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ میری کاوشوں کا محور عام آدمی کو ریلیف مہیا کرنا ہے جس کے لئے سرکاری مشینری کو مزید فعال ہونا پڑے گا۔ ڈپٹی کمشنرز اور اسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں پرائس کنٹرول کے لئے مسلسل فیلڈ وزٹ جاری رکھیں۔ تمام فیلڈ وزٹ کی تصاویر اور وڈیوز وقت و تاریخ کے ساتھ ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کی جائیں۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ کی سپلائی چین کو بھی مزید بہتر بنایا جائے. وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزراء سردار اویس لغاری، عطاتارڑ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری خوراک اور متعلقہ حکام نے شرکت کی.

اس سے قبل وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے باعث پریشان عوام کو ریلیف دینے کیلئے پوری انتظامی اور سیاسی مشینری کو متحرک کر دیا ہے،اللہ تعالٰی کی مخلوق کی مشکلات کم کرنے کیلئے صوبائی وزراء، منتخب نمائندے اور پولیٹیکل اسسٹنٹس کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہرچھوٹے بڑے شہر جا کر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیں ، ڈپٹی کمشنرز اور اسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کو پرائس کنٹرول کے موٹر اقدامات سے جانچا جائے گا ، پرائس کنٹرول کے لئے ہر ضلع میں کئے گئے اقدامات کی مانیٹرنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے.

انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کی سرگرمیوں کی رپورٹ مرتب ہو گی ، ہر ضلع کی کارکردگی جانچ کر سزا اور جزا کا تعین ہوگا ۔اچھا کام کرنے والے کی تحسین کی جائے گی۔ پرائس کنٹرول کے حوالے سے تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرائس کنٹرول کے اقدامات میں کوتاہی کرنے والوں کو جوابدہ ہونا ہوگا ۔ پرائس کنٹرول کے لئے سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔ میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے پلان کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔

Leave a reply