کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی، تحصیل رپورٹر مرید ٹالپور) ڈیوو ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے مزدوروں کی تنخواہیں روک لیں، کل تک ادائیگی نہ ہوئی تو مکمل ہڑتال ہوگی، کوٹ چھٹہ کے ورکروں کا اعلان
صبح 4 بجے سے دوپہر تک محنت کرنے والے مزدور کئی روز سے اجرت سے محروم، حاضری تو ہوگی مگر کام نہیں کریں گے، انتباہ جاری

تفصیل کے مطابق تحصیل کوٹ چھٹہ کے علاقے نواں جنوبی میں ڈیوو ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے غریب مزدوروں کی کئی دنوں کی تنخواہیں روک لیں، جس پر مزدور سراپا احتجاج بن گئے۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ صبح 4 بجے سے دوپہر ایک بجے تک سخت محنت کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود کمپنی نے ان کی تنخواہیں ادا نہیں کیں۔

ورکروں نے اعلان کیا ہے کہ اگر کل تک تمام واجبات ادا نہ کیے گئے تو وہ مکمل ہڑتال کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب صرف حاضری لگے گی لیکن کوئی کام نہیں کیا جائے گا۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ مسلسل نظراندازی اور استحصال ناقابل برداشت ہے اور وہ اپنا حق لینے کے لیے ہر ممکن قانونی و احتجاجی راستہ اختیار کریں گے۔

Shares: