ڈیرہ غازی خان: بھٹوں اور دھان کی فصلوں کی باقیات جلانے سے سموگ، شہری بیماریوں کا شکار
کوٹ مبارک (امداداللہ تھہیم)ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں دھان کی باقیات اور بھٹوں سے پھیلنے والی سموگ، شہری بیماریوں کا شکار،انتظامیہ غائب
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان اور گردونواح کے علاقوں یارو کھوسہ، پیر عادل، شاہ صدردین، دراہمہ، دری میرو،لاڈن،سمینہ، شادن لنڈ اور کوٹ مبارک سمیت دیگر علاقوں میں دھان کی فصل کی باقیات جلانے اور اینٹوں کے بھٹوں سے پھیلنے والی آلودگی کے باعث سموگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ڈی جی خان میں 220 سے زائد بھٹے اور کھیتوں میں باقیات جلانے سے ماحولیاتی آلودگی میں بے حد اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں شہری مختلف بیماریوں جیسے سانس، دمہ، آنکھوں کی الرجی، فلو اور جلدی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ خاص طور پر بچے اور بوڑھے افراد زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے جبکہ بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چل رہے ہیں اور کھیتوں میں دھڑلے سے باقیات کو آگ لگائی جا رہی ہے۔ بیشتر بھٹے آبادیوں اور سڑکوں کے قریب واقع ہیں، جس سے ٹریفک اور شہریوں کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنرڈیرہ غازی خان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آلودگی پر قابو پا کر ہزاروں افراد کو بیماریوں سے بچایا جا سکے۔