وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ گرانٹ قبول کرنے سے کراچی پریس کلب کی معذرت ،چیک واپس کرنے کا فیصلہ

0
26

وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ گرانٹ قبول کرنے سے کراچی پریس کلب کی معذرت ،چیک واپس کرنے کا فیصلہ

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی پریس کلب نے وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ گرانٹ اور طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے قبول کرنے سے معذرت کی ہے اور چیک واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی پریس کلب کے صدر، سیکرٹری اور ارکان گورننگ باڈی نے اعلامیے میں وفاقی حکومت کو وعدے یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ وعدے کے مطابق میڈیا ورکرز کو فوری صحت کارڈ کا اجراء کیا جائے ،تنخواہوں کی بر وقت ادائیگی کے لئے مستقل طریقہ کار وضع کیا جائے اور سستی رہائش کی فراہمی کے لئے پاکستان ہائوسنگ اسکیم میں باقاعدہ شامل کیا جائے۔

منگل کو کراچی پریس کلب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی پریس کلب متحدہ پاکستان کا پہلا مرکزی کلب ہے جس کی ملک میں مظلوم طبقات اور جمہوریت کے لئے جدوجہد سب کے سامنے عیاں ہے۔ اس کے ساتھ کلب صحافی برادری کی بڑی تعداد کوذہنی و پیشہ وارانہ اور صحت کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ کینٹین کی سہولت بھی رعائیتی اور بلامعاوضہ فراہم کرتا ہے اس سلسلے میں سندھ حکومت بجٹ میں 25ملین روپے کی معقول رقم فراہم کرتی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ اعلان کردہ 10لاکھ روپے کی رقم خود وفاقی حکومت کے لئے سوالیہ نشان ہے۔

اعلامیے میں وفاقی حکومت سے کہا گیاہے کہ ملک کے تمام بڑے پریس کلبز کواعتماد میں لے کر گرانٹ کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے اوراسے وفاقی بجٹ کا حصہ بنایا جائے جبکہ میڈیا اور نان میڈیا ورکرز کے لیے صحت کارڈ کے اجراء کے لیے بھی فوری اقدامات کیے جائیں ۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے ملک دیگر شعبوں کی طرح میڈیا انڈسٹری بھی سخت مسائل کا شکار ہے ۔میڈیا ورکرزکو برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی جیسے مسائل کا سامنا ہے ایسی صورت حال میں وفاقی حکومت کی جانب سے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا یے کہ میڈیا انڈسٹری کو باقاعدہ طورپرانڈسٹری تسلیم کرتے ہوئے دوسرے شعبوں کی طرح بھرپور سپورٹ کی جائے اور دیگر انڈسٹریز کی طرح میڈیا انڈسٹری کے لیے بھی ورکرزکی تنخواہوں سے مشروط خصوصی بیل آئوٹ پیکیج جاری کیا جائے۔

Leave a reply