خیبر پختونخواکے مختلف اضلاع میں گیسٹرو بے قابو

خیبر پختونخوا میں گیسٹرو بے قابو ہوگیا ہے، محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 25 اضلاع میں ایک ہفتے کے دوران معدے اور آنتوں کے امراض کے 30 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق سوات میں 3 ہزار 661 کیسز، پشاور میں 3 ہزار 403، صوابی سے 2 ہزار 469، دیر لوئر سے 2 ہزار 334، نوشہرہ سے 2 ہزار 200، ہری پور سے 1 ہزار 817، ڈیرہ اسماعیل خان سے 1 ہزار 177 مریض سامنے آئے ہیں۔ مجموعی طور پر 30 ہزار 65 مریض ایک ہفتے کے دوران سامنے آئے۔ گذشتہ روز سورج دن بھر آگ برساتا رہا اور گرم لو نے لوگوں کو بے حال کر دیا۔ گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی پشاور اور کئی دوسرے شہروں میں درجنوں شہری بے ہوش ہو گئے جبکہ شدید گرمی کی وجہ سے ہسپتالوں میں دست اور قے کے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ان مریضوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی جس کے بعد محکمہ صحت نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی اور ڈی ایچ اوز کو متاثرہ علاقوں میں صحت سہولیات کی فراہمی اور سروے کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہے۔

Comments are closed.