پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں قیام امن کے لئے قومی کل جماعتی کانفرنس بلائی جائے،مرکزی مسلم لیگ عید کے بعد ملک گیر امن مارچ کرے گی.سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے بھائی کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہیں.معاشی استحکام کے لئے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے.
خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات بڑھ چکے ہیں. اہم شخصیات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے. مرکزی مسلم لیگ کے بلدیاتی امیدوار کو شہید کیا گیا. مولانا حامد الحق حقانی شہید ہوئے اب سابق سینیٹر مشتاق احمد کے بھائی کو گولیاں مار دی گئیں، ان حالات میں عام شہری بھی خود کو غیر محفوظ کر رہا ہے . پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے، قیام امن کے لئے مرکزی مسلم لیگ رمضان کے بعد ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کر چکی ہے .ہم تحصیل و ضلع کی سطح پر قوم کو قیام امن کے لیے متحد و بیدار کریں گے. بدامنی کا بڑھتا ہوا رجحان نہ صرف معصوم شہریوں کی زندگیاں چھین رہا ہے بلکہ معیشت پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے۔
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے بڑے بھائی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے گھناؤنے واقعات معاشرتی بگاڑ اور قانون کی کمزوری کا ثبوت ہیں، جنہیں روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھاکہ سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے بڑے بھائی کے قتل کے ملزمان کو گرفتار کیا جائے. حکومت اہم شخصیات کو سیکورٹی فراہم کرے. خیبرپختونخوا میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر فوری قومی سطح کا اجلاس بلایا جائے جس میں تمام سیاسی قیادت جمع ہو اور قیام امن کے لئے ایک مضبوط ، جامع لائحہ عمل قوم کے سامنے رکھا جائے.