کویت کے نائب وزیر خارجہ نےاہم پیغام شاہ محمود قریشی کوپہنچا دیا

0
30

اسلام آباد :کویت کے نائب وزیر خارجہ نےاہم پیغام شاہ محمود قریشی کوپہنچا دیا ،اطلاعات کے مطابق کویت کے نائب وزیر خارجہ برائے ایشیائی امور علی سلیمان آل سعید نے آج وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ کا دورہ کیا

وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردی تفصیلات کے مطابق کویتی وفد کی نائب وزیر خارجہ برائے ایشیائی امور علی سلیمان آل سعید کی قیادت میں وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات میں اہم پیغام بھی پہنچا دیا گیا

ادھر ذرائع کے مطابق اس دوران ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون ،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا،

وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین, یکساں مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر استوار گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں

کویتی نائب وزیر خارجہ نے کویتی وزیر خارجہ کی جانب سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا

وزیر خارجہ نے کویتی قیادت کی طرف سے، جی سی سی ممبر ممالک کے باہمی تنازعات کے حل کیلئے کی جانیوالی سفارتی کاوشوں کو سراہا

وزیر خارجہ نے پاکستان اور کویت کے مابین برادرانہ مراسم کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کویت کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، لیبر کے تبادلے اور فوڈ سیکورٹی کے حوالے سے دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین روابط کا فروغ، دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہو گا ،فریقین نے پاکستان اور کویت کے درمیان اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی فورمز کی سطح پر دو طرفہ تعاون کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے، باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا

دوران ملاقات پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ ء خیال ہوا، اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ کویتی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں

کویتی نائب وزیر خارجہ برائے ایشیائی امور علی سلیمان آل سعید نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کویت، پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کا متمنی ہے

یاد رہے کہ پاکستان میں کویت کے سفیر نصر المطہری بھی اس ملاقات میں موجود تھے

Leave a reply