Chapters Of Kashmir Sagaکے عنوان پر کشمیر یوتھ الائنس اور جناح کا پاکستان کے اشتراک سے سیشن کا انعقاد

0
36

راولپنڈی : کشمیر یوتھ الائنس اور جناح کا پاکستان کے زیر اہتمام راولپنڈی آرٹس کونسل میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور اس کے مختلف پہلوئوں سے نوجوانوں کو روشناس کرانے کے حوالے سے سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی جس میں صدر کشمیر یوتھ الائنس ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی، ممبر پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر غزالہ سیفی، ہیڈ ایڈوائزری بورڈ پارلیمانی کشمیر کمیٹی پروفیسر ولید رسول اور اویس ربانی نے شرکت کی۔ نوجوانوں نے کشمیر کے حوالے سے پینل سے سوالات کیے جس پر پینل نے تفصیلی جواب دیئے، مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، سیاسی قیدیوں کی بدحالی، بھارتی فوج کے جنگی جرائم، بیوائوں کی عصمت دری و بے حرمتی، قتل و غارت گری سمیت کئی اندوہناک داستانیں ہیں جن کا احاطہ ایک نشست میں نہیں کیا جاسکتا، کشمیر میں ہٹلر کے پیروکاروں کا راج ہے جو کسی بھی انسانی رویے سے عاری و خالی ہیں، دہشت اور خوف کے عالم میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمان اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، مقررین نے کہا کہ خصوصا 5 اگست کے بعد بھارت نے اپنے غیر قانونی قبضے کو طول دینے اور آزادی کی تحریک کو دبانے کیلئے جو گھنائونی سازشیں کیں وہ تاریخ کے صفحات کا ایک تاریک باب ہیں جس پر انسانیت شرمندہ رہے گی۔ جناح کا پاکستان سے وابستہ نوجوانوں نے تقریب میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے پر قائم ہیں اور اپنی شہ رگ کو دشمن کے پنجے سے چھڑانے کیلئے اپنے حصے کی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر کشمیر یوتھ الائنس کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن ڈاکٹر عبداللہ خلیل، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوید احمد، صدر کشمیر یوتھ الائنس اسلام آباد ڈویژن ڈاکٹر عامر زادہ، چوہدری آصف سیف، عمر ہمدانی، خنیس الرحمن بھی موجود تھے۔

Leave a reply