لاہور میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے پانچ علیحدہ مبینہ پولیس مقابلوں میں زیرِ حراست پانچ ملزمان ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ تمام مبینہ مقابلے شہر کے مختلف علاقوں میں اُس وقت پیش آئے جب اہلکار ملزمان کو “ریکوری کے لیے” لے جارہے تھے۔

پولیس نے جن پانچ ملزمان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، ان میں رفاقت،شاہد،زاہد،نادر افضال،کامران اقبال شامل ہیں،کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تمام ملزمان ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژن کی پولیس کے زیرِ حراست تھے۔سی سی ڈی اہلکار انہیں مختلف مقدمات میں ریکوری کیلئے لے جا رہے تھے۔اسی دوران راستے میں مبینہ طور پر ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کیا تاکہ انہیں چھڑایا جا سکے۔پولیس کے مطابق حملے کا جواب دیتے ہوئے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں پانچوں ملزمان مارے گئے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ تمام ہلاک ملزمان ڈکیتی، راہزنی، موٹر سائیکل چھیننے، لوٹ مار اور شہریوں پر فائرنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ان کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج تھے۔حملہ کرنے والے ساتھی اندھیرے اور فائرنگ کے شور کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔

Shares: