لاہور میں دھماکے سے سیکورٹی اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں داتا دربار کے قریب دھماکے سے سیکورٹی اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید جبکہ 25 زخمی ہو گئے.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب جو داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 کے پاس کھڑی تھی دھماکا ہوا ،جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی. داتا دربار کے قریب ہونے والے دھماکے میں پانچ پولیس اہلکار،ایک سیکورٹی گارڈ اور ایک راہگیر شہید ہوا ہے. دھماکے کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور دربار کے تمام دروزاے بند کر دئیے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا.

وزیراعظم عمران خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ عمران خان نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے داتا دربار کے باہر پولیس وین پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ عثمان بزدار نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ داتا دربار پر اس سے قبل بھی ایک دھماکا ہو چکا ہے.

Comments are closed.