پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ویگو ڈالہ کلچر کے خلاف پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کی مہم تیزی سے جاری ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کے عمل میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ایس پی موبائلز شاہ میر خالد کی قیادت میں متعدد کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ناکہ عبد الستار ایدھی ویگو ڈالہ پر پولیس نے اسلحہ کی نمائش کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، ایک رائفل، میگزینز اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ گرفتار ملزمان میں ناظم، عامر، شرف اور اجمل شامل ہیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لئے تھانہ چوہنگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔اسی دوران ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے بلیک پیپر والی ویگو ڈالہ سے غیر قانونی طور پر فلیشر لائٹ برآمد کی۔ ایس پی موبائلز شاہ میر خالد کا کہنا ہے کہ بلیک پیپر اور پولیس لائٹس والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، اور اس مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔
ناکہ جات اور ڈولفن سکواڈ کی ٹیمیں بلیک شیشوں والی گاڑیوں اور غیر قانونی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔ ایس پی موبائلز نے کہا کہ اس نوعیت کی گاڑیوں کو ہر حال میں پکڑا جائے گا تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔ایس پی موبائلز شاہ میر خالد نے واضح کیا کہ پرائیویٹ گارڈز کی جانب سے ویگو ڈالہ پر اسلحہ کی نمائش پبلک ہراسمنٹ کے زمرے میں آتی ہے اور اس پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویگو ڈالہ کلچر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہر میں عوامی تحفظ اور امن قائم رکھا جا سکے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں پولیس کا ساتھ دیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر دیں۔