بیجنگ: پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے چین میں دوسری ہنگور کلاس آبدوز پی ایس شوشک کی لانچنگ تقریب منعقد کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس پروقار تقریب میں پاکستان نیوی کے وائس چیف آف نیول اسٹاف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ عسکری و حکومتی حکام بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے میری ٹائم سیکیورٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جدید آبدوزوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کی بحری طاقت میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ پاک چین دوستی میں بھی ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔
واضح رہے کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کا معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں تیار کی جا رہی ہیں جبکہ چار آبدوزیں کراچی شپ یارڈ میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تیار کی جائیں گی۔
ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں اور ان کی شمولیت سے پاکستان نیوی کی دفاعی صلاحیت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔ یہ آبدوزیں جدید سنسرز، اسٹیلتھ ٹیکنالوجی، اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہیں جو کسی بھی بحری خطرے سے نمٹنے میں مؤثر ثابت ہوں گی۔پاکستان نیوی کے ترجمان کے مطابق، ہنگور کلاس آبدوزوں کی شمولیت سے بحری حدود کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور سمندری راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔پاک بحریہ کے اس منصوبے کو ماہرین دفاع پاکستان کے لیے ایک بڑا اقدام قرار دے رہے ہیں، جو مستقبل میں سمندری دفاع کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔