لوڈ شیڈنگ لوگوں کی برداشت سے باہر ہوگئی ہے ، امتیاز احمد شیخ

0
83

وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے چیئرمین نیپرا اور پاکستان میں بجلی کی تقسیم کار تمام کمپنیوں کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسرز کے زوم اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ لوگوں کی برداشت سے باہر ہوگئی ہے سندھ کے متعدد شہروں میں اٹھارہ اٹھارہ، بیس بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔ کوئی بھی فیڈر ایسا نہیں ہے جسے لوڈ شیڈنگ فری کہا جاسکے۔
کراچی جیسے شہر میں گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے۔ مجھے روزانہ لیاری، ملیر، گلشن اقبال، ناظم آباد اور ڈیفنس سمیت کراچی کے مختلف علاقوں سے بجلی کے طویل تعطل کی ٹیلیفون کالز موصول ہوتی ہیں۔وزیر توانائی نے کہا کہ ہمارے لوگ قطاروں میں کھڑے رہ کر باقاعدگی سے بجلی کے بل جمع کراتے ہیں لیکن پھر بھی انہیں اس شدید گرمی میں بجلی میسر نہیں جس کے لئے نیپرا کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے بازپرس کرنی ہوگی تاکہ یہ کمپنیاں لوگوں کو بجلی بلا تعطل فراہم کریں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ سندھ میں حیسکو اور سیپکو کی کارکردگی بھی انتہائی خراب ہے حالت یہ ہے کہ دا دو کے علاقے جوہی میں 2010 سے جو ٹرانسفارمر اور لائنیں ناکارہ اور گری ہوئی ہیں ان کی ابھی تک مرمت نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی چوری میں ڈسکوز کے اہلکار خود ملوث ہیں اور ڈسکوز کے لوگوں کی ملی بھگت کے بغیر بجلی کی چوری ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے سخت محنت کرنی ہوگی صرف باتوں اور وعدوں سے صورتحال مزید خراب ہوگی اور سندھ حکومت اپنے لوگوں کو حیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک کی خراب کارکردگی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔
لہذا چیئرمین نیپرا ڈسکوز کو پابند کریں کہ وہ معینہ وقت میں بجلی کی صورتحال بہتر بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔زوم اجلاس میں پاکستان کی تمام ڈسکوز کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز کے ساتھ ساتھ چیئر مین نیپرا اور این ٹی ڈی سی کے افسران اور عام شہریوں نے بھی شرکت کی

Leave a reply