لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھارتی حکام دفترخارجہ طلب،پاکستان نے کیا احتجاج
لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر بھارتی حکام دفترخارجہ طلب،پاکستان نے کیا احتجاج
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے، اس ضمن میں پاکستان نے سینئر بھارتی سفارتکار کو دفترخارجہ طلب کر کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھرپور احتجاج کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج بھاری اسلحہ استعمال کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی گولہ باری سے نیزہ پیر سیکٹر میں40 سالہ شہری محمد بشیر شدید زخمی ہوا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ رواں سال بھارت نے 384 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، ایل اوسی پر بھارتی اشتعال انگیزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور عالمی قوانین کی پاسداری کا مطالبہ کرتے ہوئے بھارت کو یاد دلایا گیا کہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شہری آبادی کونشانہ بناناعالمی قوانین، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، بھارت یواین فوجی مبصرگروپ کواپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کرنے دے.
بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی، صدر آزاد کشمیر نے اہم اعلان کر دیا
پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت 2003ء کے سیز فائرمعاہدے کی پاسداری کرے۔ اس کے اقدامات خطے کے امن اور سلامتی کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔بھارتی فورسز ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں,بھارت ایسی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے،
واضح رہے کہ بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتا رہتا ہے جس کا پاکستانی فورسز بھی بھرپور جواب دیتی ہیں