سندھ میں بلدیاتی انتخابات :ہمارے امیدواروں کو ووٹ دیں:عمران خان، بلاول کی اپیل

0
30

کراچی: سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران 14 اضلاع میں میدان اتوار کو سجے گا جبکہ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری نے اپنے اپنے امیدواروں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔

لاڑکانہ ڈویژن کے 5 اضلاع جیکب آباد، کشمور، شکارپور، لاڑکانہ، شہداد کوٹ جبکہ سکھر ڈویژن کے تین اضلاع خیرپور، سکھر، گھوٹکی میں بلدیاتی الیکشن ہوں گے۔

شہید بے نظیر آباد ڈویژن کے تین اضلاع شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، نوشہرو فیروز، میرپورخاص ڈویژن کے3اضلاع میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکرمیں بھی پولنگ ہوگی جہاں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

متعلقہ حلقوں میں پولنگ کے سامان کی ترسیل جاری ہے، مختلف ڈویژنز سے ایک ہزار ایک امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ ‏سندھ کی 4 ڈویژنز میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے ہمارے امیدواروں کو ہراساں کرنے، سپریم کورٹ کےاحکامات کی روشنی میں آرٹیکل140-A کے تحت اختیارات کی مقامی نمائندوں تک منتقلی سے گریز کے باوجود ہم حصہ لے رہے ہیں۔ سندھ کے لوگوں سے میری اپیل ہے تحریک انصاف کےامیدواروں کو ووٹ دیں اور زرداری مافیا کا صفایا کر دیں۔

دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے، سندھ کی باشعور عوام صوبے میں جاری بینظیر ترقی کے تسلسل کو ووٹ دیں گے، عوامی مسائل کے حل اور پائیدار ترقی کے لیے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا پی پی پی کا منشور ہے، صحت، تعلیم اور محنت کش عوام کے لیے سوشل سکیورٹی کے حوالے سے سندھ کی کارکردگی بے مثال ہے، پی پی پی قیادت نے عوام سے جو جو وعدے کیے، وہ ہمیشہ پورے کرکے دکھائے، میرے امیدوار وہی ہیں، جن کا نشان تیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، شکارپور، جیکب آباد، گھوٹکی، قمبر، شہداد کوٹ، کشمور، کندھ کوٹ کی عوام تیر کو ووٹ دیں، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر کی عوام تیر پر مہر لگائیں، عوام بلدیاتی انتخابات میں تیر پر مہر لگا کر میرے ہاتھ مضبوط کریں، سندھ کے عوام کل ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں سازشی و شیطانی ٹولوں کی ضمانتیں ضبط کرادیں، انشاللہ تمام اضلاع میں کل جیالے امیدوار کامیاب ہونگے، یقین دلاتا ہوں کہ حالیہ بلدیاتی الیکشن میں پی پی پی کی کامیابی بلدیاتی اداروں کی مضبوطی اور عوامی مسائل کے حل کا پیشہ خیمہ ثابت ہوگی۔

Leave a reply