پنجاب اورخیبرپختونخوامیں بلدیاتی نمائندے معطل کردیئےگئے

0
44
electsionCommission

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی نمائندوں کو معطل کردیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی نمائندوں کی معطلی دونوں صوبوں میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے کی گئی ہے۔

ای سی پی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو آئین کے آرٹیکل 218 کی شق 3 کے تحت معطل کیا گیا ہے، کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندے بھی معطل رہیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں قومی و صوبائی اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان تک بلدیاتی عہدیدار معطل رہیں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں پاکستان تحریک انصاف نے تحلیل کی تھیں، تاہم کئی روز گزرنے کے باوجود اب تک انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی مزید 31 نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 31 نشستوں پر پولنگ 19 مارچ کو ہوگی، امیدوار 10 سے 14 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔18 فروری تک کاغذات کی سکروٹنی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد مارچ کی 2 تاریخ کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔

ضمنی انتخاب والے 31 حلقوں کی تفصیل
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 2 سوات، این اے 3 سوات میں ضمنی الیکشن ہوگا، این اے 5، این اے 6 اور این اے 7 لوئر دیر میں بھی ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ این اے 8 مالاکنڈ، این اے 9 بونیر، این اے 16 ایبٹ آباد بھی ضمنی الیکشن والے حلقوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

این اے 19 صوابی، این اے 20 مردان، این اے 28، این اے 30 پشاور، این اے 34 کرک، این اے 40 باجوڑ میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری، این اے 42 مہمند، این اے 44 خیبر، این اے 61 راولپنڈی میں بھی ضمنی الیکشن ہوگا، این 70 گجرات، این اے 87 حافظ آباد، این اے 93 خوشاب میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

این اے 96 میانوالی، این اے 107، این اے 109 فیصل آباد، این اے 135 لاہور، این اے 150 خانیوال، این اے 152 خانیوال میں ضمنی الیکشن ہوگا، این اے 158 ملتان، این اے 164، این اے 165 وہاڑی، این اے 177 رحیم یارخان اور این اے 187 لیہ میں بھی ضمنی الیکشن ہوگا۔

خیال رہے اس سے قبل 27 جنوری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قومی اسمبلی کے 33 حلقوں کیلئے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا گیا تھا۔

Leave a reply