لاہور پریس کلب میں یکجہتی کشمیر سیمینار،گورنر پنجاب، مشعال ملک کا خطاب

لاہور پریس کلب میں یکجہتی کشمیر سیمینار،گورنر پنجاب، مشعال ملک کا خطاب
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور پریس کلب، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے یوم کشمیر کے موقع پر ” یکجہتی کشمیر سیمینار” کا اہتمام کیا ۔تقریب کی صدارت گورنر پنجاب جناب چوہدری محمد سرورنے کی جبکہ مشعال ملک مہمان خصوصی تھیں .

سیمینار میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، پی ایف یوجے کے جنرل سیکرٹری رانا محمد عظیم، پریس کلب کے نائب صدرقذافی بٹ ، سیکرٹری بابرڈوگر، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، ممبر گورننگ باڈی شاہد چوہدری، حسنین چوہدری، پی یو جے کے صدر شہزاد حسین بٹ، جنرل سیکرٹری اشرف مجید،سینئر صحافی سلمان غنی، پیس اینڈ کلچرکی چیئرپرسن ریحانہ حسین ملک، سماجی رہنمارانا عثمان سمیت سینئر صحافی اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرچوہدری محمد سرورنے کہاکہ مشعال ملک اورکشمیر میں غاصب بھارت کے خلاف برسرپیکاران جیسی لاکھوں مائیں بہنیں آزادی کشمیر کا سمبل بن گئی ہیں اور میں مقبوضہ کشمیر میں تمام کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں جو شدید ظلم و بربریت کا نہتے ہاتھوں مقابلہ کر رہے ہیں اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کو ماننے سے انکار کردیاہے۔ بھارت کی اقتصادی حیثیت کے باعث کشمیر یوںکے حق میں بولنے سے دنیاصرف نظرکرتی رہی ہے لیکن اب ہم نے ایسی حکمت عملی اختیارکی ہے اور دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ اجاگرکیاہے جس سے اب تمام دنیاکشمیریوں پر ہونے والے ظلم وستم کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں۔

تقریب سے دیگر مقررین خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازارگرم کر رکھا ہے، تمام کشمیری قیادت کو پابندسلاسل کردیاگیاہے، دس لاکھ بھارتی فوجی اور آر ایس ایس کے غنڈے مظلوم ماﺅں،بہنوں، بیٹوں، بچوں اور جوانوںکو کھلے عام شہید کررہے ہیں ، ہندوستانی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بعد ملک میں ظالمانہ قانون بناکے بیس کروڑ مسلمانوں کی حیثیت کو مشکوک کردیاہے جس کے بعد تمام ہندوستان میں فساد پھوڑ پڑے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، پاکستان کی بائیس کروڑ عوام کے دل کشمیریوںکے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ خون کے آخری قطرے تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، مقبوضہ کشمیر میں جدید اسلحہ سے لیس بھارتی درندوںکے خلاف جس طرح نہتے کشمیری سیسہ پلائی دیوار بن گئے ہیں اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،کشمیرکی آزادی کے تمام مجاہدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

مقررین کا کہناتھاکہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مسئلہ بہترین اندازمیں پیش کیااور ہندوستان کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا جس کے بعد تمام دنیاکو اس مسئلہ کی سنگینی کا اندازہ ہوا اور بھارت جیسی بڑی اکنامک انڈسٹری کے خلاف خلاف لب کشائی ہونے لگی اور اس کے خلاف قراردادیں منظور کی جارہی ہیں۔

مقررین کا کہناتھاکہ پاکستان نے ہمسائیہ ہونے کی حیثیت سے بھارت سے دوستانہ تعلقات قائم کرنے کے لئے ہرطرح کی پالیسیاں اختیارکیں لیکن بھارت نے ہمیشہ دھوکہ دیا ، بھارت باتوں کا نہیں لاتوں کا بھوت ہے اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان کو یہ بتادیاجائے کہ پاکستانی قوم اور اس کے ادارے مسئلہ کشمیر پر متحد ہیں اور وہ کشمیر کی آزادی کے علاوہ کسی بات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے پاکستان کو تمام پارٹیوں کی کانفرنس بلاکرایسی پالیسیاں اختیارکرنی چاہیے جس سے کشمیر کازکو تقویت ملے اور دنیاکے سامنے بھارت کا گھناﺅنااور مکروہ چہرہ اجاگرکیاجائے۔

Comments are closed.