کراچی: معروف اداکارہ ماہرہ خان نے بلآخر سینئر اداکار فردوس جمال کے بیانات پر ردعمل کا اظہار کردیا۔
باغی ٹی وی : سینئر اداکار فردوس جمال نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں ماہرہ خان کی بڑھتی عمر اور اداکار ہمایوں سعید کے اداکاری میں ڈاکا ڈالنے کے حوالے سےگفتگو کی تھی جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی فردوس جمال کے اس بیان کے بعد کئی اداکاروں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم ہمایوں سعید اور ماہرہ کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا۔
اب حال ہی میں آرٹس کونسل کراچی میں ہونے والی عالمی اردو کانفرنس میں ماہرہ خان نے شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف سوالوں کے جواب دئیے ،اداکارہ نے فردوس جمال سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سینئر اداکار کو نہیں جانتیں، اس لیے ان کے بارے میں کچھ کہنا نہیں چاہتی ہیں۔
واضح رہے کہ ماضی میں انہوں نے ماہرہ خان کیلئے کہا تھا کہ وہ بوڑھی لگتی ہیں، انہیں ہیروئن کے بجائے ماں کے کردار دیے جانے چاہیے بعد ازاں ایک اور پروگرام میں ان کے مذکورہ بیان پر پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں ماضی میں ماہرہ کیلئے اپنے دیئے ہوئے بیان پر آج بھی قائم ہوں، مجھے اپنے الفاظ پر کوئی شرمندگی نہیں کیوں کہ ماہرہ کی عمر نظر آتی ہے لیکن اگر اس کے باوجود وہ کسی کو خوبصورت نظر آتی ہے تو اس میں میرا کوئی قصور نہیں‘۔
دوسری جانب ہمایوں سعید کیلئے میزبان کی تعریف سن کر فردوس جمال بھڑک اٹھے اور کہاکہ ’ہمایوں سعید اداکاری کے معراج پر کیسے ہیں؟ کیا وہ مارلن برانڈو ہے؟ اس پر میزبان نے کہا کہ ہمایوں سعید پاکستان میں سب سے زیادہ پیسے لیتے ہیں؟ جس پر فردوس جما ل نے کہا کہ پیسہ تو طوائف بھی لیتی ہے؟پیسہ لینا اداکاری کا معیار نہیں ہے، ہمایوں اداکاری میں بھی ڈاکا ڈال رہا ہے، ہمایوں کو قدرت نے وسائل اور پلیٹ فارمز فراہم کیے اس کے بعد ہمایوں کے کچھ اچھے کردار بھی ہیں جو اس نےنبھائے، اب وہ ان مواقع کو کیش کررہا ہے، وہ اپنے سے اچھے اداکار کو آگے آنے نہیں دیتا۔