اداکارعدنان صدیقی نے سیاست میں شمولیت کی خبروں کی تردید کردی۔
باغی ٹی وی : لندن میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے عدنان صدیقی کی ملاقات کے بعد ایک نجی خبر رساں ادارے کی جانب سے یہ خبر جاری کی گئی تھی کہ اداکار نے مسلم لیگ نون میں شمولیت اختیار کرلی ہے تاہم اب عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں ان تمام خبروں کی تردید کردی ہے۔
اداکارعدنان صدیقی کی نواز شریف سے ملاقات
عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی و یب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں اُس خبر رساں ادارے کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کی ایسی جعلی اور بے بنیاد خبروں کو شائع کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں۔
واضح رہے کہ عدنان صدیقی نے لندن میں میڈیا کو ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی نواز شریف کے ساتھ ملاقات بہت اچھی رہی، وہ اپنی فلم ’دم مستم‘ کے حوالے سے یہاں آئے تھے، وہ لندن میں اپنی فلم کی پروموشن کر رہے ہیں، نواز شریف کو دعوت دینے آئے تھے کہ ہماری فلم آ کر دیکھیے، ہم نے بہت محنت کی ہے۔
ماڈل ایان علی عمران خان پر برس پڑیں،کھری کھری سنا دیں
عدنان صدیقی نے مزید بتایا تھا کہ ملاقات کے دوران نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی سینما کے لیے بہت کچھ سوچ رہے ہیں، ملاقات کے دوران فلموں کی پالیسیز پر بھی بات چیت ہوئی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر عدنان صدیقی کا نام پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ میں رہا جس میں سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے سامنے کئے-