چار نامعلوم ڈاکو گھر میں گھس گئے ، لوٹ مار ، عورتوں پر تشدد

0
45

بوے والا میں تھانہ گگومنڈی کے علاقہ نواحی گاوں 251/ ای بی کے رہائشی اقبال رحمانی کے گھر چار ڈاکوداخل ہو گئے اور گھر میں موجود اقبال رحمانی کی بیٹیوں، بہووں اور بچوں کو گھر کے ایک کمرہ میں بند کر لیا اور ان سے چابیاں مانگیں انکار پر ڈاکووں نے اقبال کی بہو کو تشددکانشانہ بنایا جس سے اس کا ہونٹ پھٹ گیا اور ڈاکووں نے اقبال رحمانی کے کمسن پوتے اویس کو اٹھا کر دھمکی دی کہ اگر چابیاں نہ دیں تو بچے کو مار دیں گے

جس پر خواتین نے ڈر کے مارے چابیاں دے دیں تو ڈاکو گھر میں موجود 7 تولہ طلائی زیورات،25 ہزار روپے نقدی،پرائڈر موٹرسائیکل اور عید کے لیے بنائے گئے قیمتی ملبوسات لوٹ کر فرار ہو گئے۔اقبال رحمانی نے بتایا کہ وہ رات کو مال مویشی کے احاطہ میں تھا اور گھر میں صرف خواتین اور بچے تھے

میرے بیٹے روزگار کے سلسلہ میں بیرون ملک ہیں۔ڈاکو رات 12 بجے گھر میں داخل ہوئے اور ایک بجکر چالیس منٹ پر لوٹ مار کے بعد روانہ ہوئے۔متاثرہ شخص اقبال رحمانی نے آر پی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی زاہد نواز مروت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس کا مقدمہ درج کر کے اس کا مال برآمد کروایا جائے۔

Leave a reply